کورونا کی نئی قسم: برطانیہ سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی

پی آئی اے

،تصویر کا ذریعہNurPhoto

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے برطانیہ سے مسافروں کی آمد پر آج رات 12 بجے سے لے کر 29 دسمبر کو نصف شب تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق ان تمام لوگوں پر ہوگا جو برطانیہ سے اپنا سفر شروع کریں گے یا گذشتہ 10 دنوں میں برطانیہ میں رہ چکے ہیں۔

تاہم وہ ٹرانزٹ مسافر جو برطانیہ کے بجائے کسی اور ملک جاتے ہوئے برطانیہ میں فلائٹ تبدیل کریں گے اور ایئرپورٹ سے باہر نہیں نکلیں گے، ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، بلکہ صرف برطانیہ سے بالواسطہ یا بلاواسطہ آنے والے مسافروں پر ہی یہ پابندی نافذ ہوگی۔

پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے وہ لوگ جو عارضی ویزوں پر برطانیہ گئے تھے، انھیں فلائٹ سے پہلے 72 گھنٹے کے اندر اندر کورونا کا ٹیسٹ کروا کر منفی نتیجہ حاصل کرنا ہوگا جبکہ پاکستان آمد پر ان کا پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا اور اس کا نتیجہ آنے تک انھیں سرکاری تحویل میں ہی رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

سفر، کورونا،

،تصویر کا ذریعہAVIATION dIVISION, pAKISTAN

ماہِ دسمبر دنیا بھر میں چھٹیوں کا مہینہ ہوتا ہے اور اکثر لوگ کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات اپنے پیاروں کے ساتھ منانے یا اس دوران کہیں سیر پر جانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

جہاں اس سال عالمی سیاحت میں کورونا وائرس کے باعث کمی رہی، وہیں کئی ممالک میں وبا کی شدت میں کمی کے باعث بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے کچھ ممالک نے سیاحت کی صنعت کو ایک محدود پیمانے پر دوبارہ کھول دیا۔

تاہم اس ماہ کے آغاز سے برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم سامنے آنے کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک نے برطانیہ سے سفری رابطے منقطع کر دیے ہیں اور خدشہ ہے کہ دیگر ممالک بھی جلد ہی ایسا کر دیں گے۔

برطانیہ کی صورتحال

برطانیہ

،تصویر کا ذریعہEPA

اب تک یورپ میں فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، ڈنمارک، بیلجیئم، آسٹریا، بلغاریہ اور جمہوریہ ائر لینڈ نے برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔ اس کے علاوہ کینیڈا، ترکی، ہانگ کانگ، ایران، اسرائیل، کویت اور مراکش سمیت چند جنوبی امریکی ممالک نے بھی برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندیاں لگا دی ہیں۔

وائرس کی نئی شکل کے بارے میں اس وقت حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم یہ بات طے ہے کہ انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں اس سے خطرے کے باعث انتہائی سخت پابندیاں عائد ہیں۔

لندن اور جنوبی انگلینڈ میں ’ٹیئر فور‘ کی سخت پابندیاں لاگو ہو چکی ہیں جن کے تحت لوگوں کے اپنے اپنے علاقوں سے باہر نکلنے پر پابندی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیئر فور سے نیچے کے ٹیئر کے کسی بھی علاقے سے ٹیئر فور علاقوں میں داخلے پر پابندی ہے۔

دوسری جانب ویلز اس وقت مکمل طور پر لاک ڈاؤن کی زد میں ہے جبکہ سکاٹ لینڈ میں 26 دسمبر کی شب لاک ڈاؤن لاگو کر دیا جائے گا۔

اگرچہ دنیا کے دیگر ممالک نے کورونا کی نئی قسم سے خطرے کے پیش نظر برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے، پاکستان کی جانب سے اب تک برطانیہ جانے والی پروازوں کے بارے میں ایسا نہیں کیا گیا۔

مسافر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

براہ راست پرواز یا کنیکٹنگ فلائٹ

یورپی ممالک کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کے بعد ترکی نے بھی اتوار کو برطانیہ آنے جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کا اعلان ترکی کے وزیر صحت نے ٹوئٹر پر کیا۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

کراچی کے صابر چندریگر تقریباً دو دہائیوں سے اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ تازہ صورتحال یہ ہے کہ ترکی کے ذریعے برطانیہ جانے والی پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا تاحال قطری اور اماراتی ایئر لائنز کی جانب سے ایسے کوئی احکامات سامنے نہیں آئے، تاہم انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ برطانیہ پر لگنے والی حالیہ پابندیوں کا اثر وہاں جانے والی تمام ایئر لانز پر پڑ سکتا ہے۔

'آج کل تو بین الاقوامی سفر کے محرکات اتنی تیزی سے بدل رہے ہیں کہ صبح کچھ ہوتا ہے اور شام کو کچھ۔ ہم کسٹمر کو صبح جو ہدایات دیتے ہیں وہ شام تک بدل جاتی ہیں اور پھر کسٹمر ہم سے گلہ کرتے ہیں۔‘

ان کے مطابق اگر کوئی اس وقت برطانیہ جانے کا سوچ بھی رہا ہے تو اسے اپنے ارادوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

'ٹکٹ کے پیسے تو واپس مل جائیں گے، لیکن فرض کریں آپ وہاں پہنچ کر پھنس جائیں اور واپس نہ آ سکیں۔ اس صورت میں کئی لوگوں کے پاس پیسے بھی ختم ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا ہو جائے تو قرنطینہ کا خرچہ علیحدہ۔'

سعودی عرب کی سفری پابندیاں

سفری پابندیاں

،تصویر کا ذریعہGACA

،تصویر کا کیپشنسعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والا سرکلر

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پیر کو جاری ہونے والے ایک سرکلر میں اعلان کیا ہے کہ کووڈ 19 کے خطرے کے پیش نظر پیر اور منگل کی نصف شب سے ایک ہفتے کے لیے (خصوصی پروازوں کے علاوہ) تمام بین الاقوامی پروازوں پر پابندی ہوگی۔

جب بی بی سی کی منزہ انوار نے سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر ذوالفقار بخاری سے پوچھا کہ سعودی عرب کی جانب سے لگائی جانے والی سفری پابندیوں کے باعث کتنے پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور کیا ان کی کوئی مدد کی جا رہی ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور چونکہ معاملات تیزی سے بدل رہے ہیں اس لیے صورتحال واضح ہونے پر ہی وہ مزید تفصیلات فراہم کر سکیں گے۔