بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ کر ایلون مسک دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے: بلومبرگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹیکنالوجی کی صنعت سے منسلک ایلون مسک مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گیے ہیں۔
ایلون مسک کی کار کمپنی ٹیسلا کے حصص میں اضافے کے بعد انکی مالیت 7.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 128 بلین ڈالر ہوگئی۔
بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایمازون کے بانی جیف بیزوس ابھی بھی دنیا کے سب سے امیر ترین شخص ہیں۔
مزید پڑھیے
امریکہ میں اہم شیئر انڈیکس میں سے ایک ایس اینڈ پی 500 میں ٹیسلا کے شیئرز شامل کرنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد الیکٹرک کار بنانے والی اس کمپنی کے حصص خریدنے کی دوڑ لگ گئی اور اس کی مالیت میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
اب کمپنی کی مارکیٹ ویلیو پانچ سو ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔
ٹویوٹا، واکس ویگن اور جنرل موٹرز جیسے حریفوں کے مقابلے بہت ہی کم گاڑیاں بنانے کے باوجود بھی ٹیسلا دنیا کی سب سے قیمتی کار کمپنی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
منگل کے روز جرمنی میں ایک تقریر میں ایلون مسک نے کہا کہ ٹیسلا کی چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ یورپ کی بڑی مارکیٹ میں پھیلنے کی بات سمجھ میں آتی ہے کیونکہ یورپ میں لوگ چھوٹی کاریں رکھتے ہیں جبکہ امریکہ میں بڑی کاریں رکھنے کا رواج ہے۔
کئی برسوں کے گھاٹے کے بعد ٹیسلا نے لگاتار پانچ سہ ماہیوں میں منافع دیکھا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود اس کی کاروں کی اچھی فروخت ہوئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس برسوں تک دنیا کے سب سے امیر ترین شخص تھے لیکن 2017 میں جیف بیزوس نے ان کی جگہ لے لی تھی۔
بل گیٹس کی مارکیٹ ویلیو 127.7 ارب ڈالر ہے لیکن اگر انھوں نے کئی دہائیوں میں بڑی رقم خیرات اور عطیہ نہ کی ہوتی تو ان کی مالیت اس سے بھی زیادہ ہوتی۔
جیف بیزوس کی مجموعی مالیت کا تخمینہ بلومبرگ کے مطابق 2 .182ارب ڈالر ہے۔ اس سال کورونا وائرس کے دوران ایمازون کی مانگ بڑھتے ہی ان کی مالیت میں اضافہ ہو گیا۔
ایلون مسک اکثر تنازعات کی زد میں رہتے ہیں اور پچھلے کچھ ہفتوں میں بھی خبروں میں رہے۔ گذشتہ ہفتے ہفتے انھوں نے ٹویٹ کی کہ غالباً انھیں کوڈ 19 ہے اور ان میں سردی کی معمولی علامات ہیں۔












