ڈرائیو ان شادی: کورونا کے دنوں میں انوکھی شادی، دلہا دلہن بڑی سکرین پر، مہمانوں کا کھانا گاڑیوں میں

شادی

،تصویر کا ذریعہI-MAANI PHOTOGRAPHY

کورونا وائرس کے دور میں جہاں مختلف تقریبات کو محدود رکھنے کے لیے متعدد طریقے اپنائے جا رہے ہیں وہیں برطانیہ میں ایک جوڑے نے 'ڈرائیو ان شادی' رچائی اور مہمانوں کو گاڑیوں تک ہی محدود رکھا۔

روما پوپٹ اور وینال پٹیل نے ایسیکس میں شہر چیلمزفرڈ کے ایک پارک میں شادی کی تقریب منعقد کی جسے مدعو کیے گئے مہمانوں نے اپنی گاڑیوں سے ہی بڑی سکرینز پر دیکھا۔

اس کے بعد اس 30 سالہ جوڑے نے گالف کارٹ میں بیٹھ کر پارک کا چکر لگایا اور اپنے دوستوں اور دیگر مہمانوں کو ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہا۔

اس دوران مہمانوں کو ہلکی پھلکی کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں اور ساتھ ہینڈ سیناٹائزر بھی دیا گیا۔ مہمانوں کے پاس یہ آپشن موجود تھی کہ وہ ویب سائٹ کے ذریعے کھانا آرڈر کریں اور پھر ویٹر انھیں وہ کھانا ان کی گاڑیوں میں فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیے

جوڑے کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہترین دن تھا لیکن ساتھ ہی یہ بھی مانا کہ یہ اس سے 'تھوڑا سا مختلف تھا' جس کے بارے میں انھوں نے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

انگلینڈ میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر شادی کی تقریبات میں مدعو کیے جانے والے مہمانوں کی تعداد 30 سے گھٹا کر 15 کر دی گئی ہے۔

شادی

،تصویر کا ذریعہI-MAANI PHOTOGRAPHY

،تصویر کا کیپشناس دوران مہمانوں کو ہلکی پھلکی کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں اور ساتھ ہینڈ سیناٹائزر بھی دیے گئے۔ مہمانوں کے پاس یہ آپشن موجود تھی کہ وہ ویب سائٹ کے ذریعے کھانا آرڈر کریں اور پھر ویٹر انھیں وہ کھانا ان کی گاڑیوں میں فراہم کریں۔

یہ تقریبات اب صرف 'کووڈ سے محفوظ' مقامات پر ہی کی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ انگلینڈ میں زیادہ تر موقعوں پر قواعد کے مطابق چھ سے زیادہ افراد کے اجتماعات پر پابندی ہے لیکن شادی کی تقریبات کے لیے رعایت دی گئی ہے۔

شادی کی تقریب پلان کرنے والی سہیلی میرپوری کا کہنا تھا کہ 'ایشیائی شادیوں کی پلاننگ کرنے کے باعث ہم بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے عادی ہیں اس لیے یہ وقت انتہائی مشکل رہا ہے۔ تاہم آپ کو اس دوران تخلیقی سوچ اختیار کرنی پڑتی ہے اور ذرا ہٹ کر سوچنا ہوتا ہے۔

'اس جوڑے کی جانب سے ڈرائیو ان شادی کا آئیڈیا مذاق کے طور پر دیا گیا تھا۔ یہ یقیناً سننے میں بھی بہت عجیب لگتا ہے لیکن ہم نے اسے کے بارے میں جتنی بات کی اتنا ہی اس کے ممکن ہونے کا یقین ہونے لگا۔'

شادی

،تصویر کا ذریعہI-MAANI PHOTOGRAPHY

،تصویر کا کیپشن'ہمارے لیے تمام افراد کی شرکت بہت اہمیت رکھتی ہے، یہ سب ہماری سوچ سے تھوڑا مختلف تھا لیکن یہ ایک ایسا دن ہے جسے ہم کبھی بھی نہیں بھلائیں گے۔'

انھوں نے بتایا کہ 'ہمیں اب تک اس حوالے سے متعدد کالز وصول ہو چکی ہیں جس میں جوڑے ہم سے اسی طرز پر شادیاں کروانے کے لیے کہہ رہے ہیں تو شاید اب یہ ایک نیا ٹرینڈ بن جائے۔

جوڑے کی جانب سے ڈرائیو ان شادی سے متعلق کہنا تھا کہ 'ہم دونوں کے لیے یہ ایک بہترین دن تھا اور اس کے بعد سے ہمیں مہمانوں کی جانب سے کالز اور پیغامات کے ذریعے یہ بتایا گیا ہے کہ وہ اس تجربے سے کتنے محظوظ ہوئے۔

'ہمارے لیے تمام افراد کی شرکت بہت اہمیت رکھتی ہے، یہ سب ہماری سوچ سے تھوڑا مختلف تھا لیکن یہ ایک ایسا دن ہے جسے ہم کبھی بھی نہیں بھلائیں گے۔'