صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش: ’کشمیر پر جو کر سکتا ہوں، کرنے کے لیے تیار ہوں‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور انڈیا کے رہنماؤں سے بات چیت کی اور انھیں بتایا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلے پر ثالثی کروانے کے لیے تیار ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر جو کچھ کر سکتے ہیں، کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ہم منصب نریندر مودی ’میرے دوست ہیں اور دونوں کو اپنے مسائل حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے لیکن انھیں امید ہے کہ اس کا کوئی بہتر حل نکلے گا۔
ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اور انڈیا چونکہ جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے دونوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے پہلے بھی دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بطور ثالث کردار ادا کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر نے گذشتہ ماہ 21 اگست کو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایک طویل عرصے سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہیں اور یہ ایک 'خطرناک صورت حال ہے۔'
امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے وزرائے اعظم اس وقت ایک گھمبیر مسئلے سے دوچار ہیں۔
'دونوں وزرائے اعظم میرے دوست ہیں، اور دونوں بہت زبردست انسان ہیں، دونوں اپنے اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں لیکن وہ ایک مشکل صورت حال سے دوچار ہیں، کشمیر ایک گھمبیر معاملہ ہے جو کہ بہت لمبے عرصے سے جاری ہے۔
ٹرمپ نے اس سے قبل 20 اگست کو بھی انڈیا اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے ساتھ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مسئلے پر خطے میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کی تھی۔
اپنی ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ کا کہا تھا کہ '(میں نے) اپنے دو اچھے دوستوں، انڈیا کے وزیر اعظم مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم خان سے تجارت، سٹریٹیجک شراکت داریوں اور دونوں ممالک کے لیے سب سے اہم یہ کہ کشمیر کے مسئلے پر تناؤ کم کرنے کے لیے کام کرنے پر بات کی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کا نیویارک ٹائمز کو انٹرویو
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم نے عمران خان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کو کشمیر کے مسئلے میں مداخلت کرنی چاہیے۔
بدھ کے روز پاکستانی وزیراعظم نے امریکی اخبارات نیویارک ٹائمز اور وال سٹریٹ جرنل کے ادارتی بورڈز سے ملاقات میں گلہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی حالات پر بےحسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
نیویارک ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں خونریزی کا خطرہ ہے اور اب عالمی برادری چپ نہیں رہ سکتی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
انھوں نے کہا: ’اگر اس معاملے میں اقوام متحدہ نہیں بولے گا تو کون بولے گا؟‘
انھوں نے کہا کہ انڈیا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے جس سے اس کے اپنے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔
ان کے مطابق کچھ ممالک انڈیا کے ساتھ اپنے مفادات کی وجہ سے شاید اس مسئلے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کے لیے مداخلت کرنی ہی پڑے گی کیونکہ دونوں ممالک جوہری طاقتیں بھی ہیں۔












