انڈیا میں تیندوے کے حملے میں مراقبہ کرتے بودھ راہب ہلاک

،تصویر کا ذریعہABHISHEK BHATPALLIWAR
حکام کے مطابق انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ایک جنگل میں مراقبہ کرنے والے ایک راہب تیندوے کے حملے میں مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ راہل والکے نامی یہ راہب تاڈوبا جنگل میں شیروں کے لیے مختص مقام پر ’ایک درخت کے نیچے مراقبہ کر رہے تھے‘۔
والکے جنگل کے اندر موجود بودھ مندر سے وابستہ تھے لیکن وہ مراقبے کے لیے مندر سے کافی دور گئے تھے۔
محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے راہبوں کو جنگل میں زیادہ دور تک جانے سے خبردار کیا تھا۔
بی بی سی مراٹھی سے بات کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے ایک آفیسر جی پی نروانے نے کہا: ’میں سب کو یہی کہنا چاہوں گا کہ جنگل میں دور تک نہ جائیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فی الحال تو اس تیندوے کو پکڑنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ جی پی نروانے کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کیمروں کا جال اور دو پنجرے بنائے ہیں اور ہم اس جانور کو پکڑنے کی کوشش کریں گے۔‘
ریاست کی حکومت کے حکام نے کہا ہے کہ وہ راہل والکے کے گھر والوں کو 12 لاکھ انڈین روپے دیں گے۔
اس مندر سے ہی وابستہ ایک اور راہب نے بی بی سی کو بتایا کہ جب وہ بدھ کی صبح راہل والکے کو ان کے مراقبے کی جگہ پر کھانا دینے گئے تو انھوں نے تیندوے کو راہل پر حملہ کرتے دیکھا۔
انھوں نے بتایا کہ وہ فوراً مدد کے لیے کچھ لوگوں کو لینے گئے اور جب واپس لوٹے تو واہل والکے مر چکے تھے۔
تاڈوبا جنگل اندازاً 88 شیروں کا گھر ہے۔ یہاں کئی دوسرے جانور بھی رہتے ہیں، جن میں تیندوے، بھالو، لگڑ بگڑ شامل ہیں۔









