پنک لیگیسی نامی گلابی ہیرا ریکارڈ قیمت میں نیلام

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty
ایک نایاب گلابی ہیرا 50.3 ملین سوئس فرینکس (تقریباً پانچ کروڑ امریکی ڈالر) میں نیلام کیا گیا ہے جو کہ فی کیرٹ کے حساب سے ایک ریکارڈ قیمت ہے۔
پنک لیگیسی نامی یہ ہیرا 19 کیرٹ کا ہے اور اسے امریکی کمپنی ہیری ونسٹن نے جنیوا میں ایک نیلامی میں خریدا ہے۔
نیلامی کروانے والی معروف کمپنی کرسٹیز کے یورپ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تقریباً 26 لاکھ ڈالر فی کیرٹ کی یہ قیمت دنیا میں گلابی ہیروں کی قیمت کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نیلامی سے پہلے اس کی قیمت کا تخمینہ تین سے پانچ کروڑ ڈالر لگایا گیا تھا۔ اس ہیرے کی نیلامی صرف پانچ منٹ تک جاری رہی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ہیرے کے نئے مالکان نے اسے ونسٹس پنک لیگیسی کا نیا نام دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty
یہ ہیرا ایک وقت میں اوپنہائیمر فیملی کے پاس تھا جو کہ ماضی میں ڈی بیئرز کی کان کنی کی کمپنی چلاتے تھے۔ کرسٹیز کے جیولری کے شعبے بین الاقوامی سربراہ راہل کاداکیا نے اسے ’دنیا کے بہترین ہیروں میں سے ایک‘ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’آپ کو گلابی کا یہ رنگ ایک کیرٹ سے کم کے ہیرے میں تو شاید مل جائے مگر 19 کیرٹ تک ہو کر یہ انتہائی گلابی ہے۔ یہ ناقابلِ یقین ہے۔‘
اس کی رنگت کو ’فینسی وو وڈ‘ کا درجہ دیا گیا ہے جو رنگت کی درجہ بندی میں بہترین ہے۔
کرسٹیز کا کہنا ہے کہ مستطیل کٹائی والا یہ ہیرا 1920 میں جنوبی افریقہ میں ایک کان میں ملا تھا اور اس کی شکل کو اب تک بدلا نہیں گیا ہے۔
نیلام گھر کرسٹیز کا کہنا ہے کہ 10 کیرٹ سے بڑے ہیروں میں ان قدر شدید رنگت والا گلابی ہیرا ملنا ناممکن سی بات سمجھی جاتی ہے۔
نومبر 2017 میں 8.41 کیرٹ کا ایک گلابی ہیرا ایک کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ یعنی 21 لاکھ فی کیرٹ کی قیمت میں فروخت کیا گیا تھا۔












