کوچ نے کہا گیند آگے کرو اور لارڈز میں یہی چیز کام آئی: محمد عامر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ ان کی زندگی کا بہترین لمحہ ہو گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اچھی ہے اور وہ بھرپور انداز میں واپسی کرے گی تاہم وہ اس کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی تھی۔
محمد عامر نے کہا کہ لارڈز کی جیت سے ہمیں اعتماد ملا ہے اور اسی اعتماد کو لے کر ٹیم اب لیڈز کے میدان میں اترے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو انگلینڈ میں اور وہ بھی ’ہوم آف کرکٹ‘ یعنی لارڈز میں شکست دینا بڑی کامیابی ہے، اور ’اگر ہم سیریز جیت جاتے ہیں تو یہ میری زندگی کا بہترین لمحہ ہو گا۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان ٹیم میں اس وقت موجود واحد سینیئر فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنی بولنگ میں تبدیلی اور بہتری کے حوالے سے کہا ’میں نے اپنی لینتھ پر کام کیا ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ گیند آگے ہی کروں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’تمام بولروں کی کارکردگی میں بہتری کا سہرا کوچ اظہر محمود کے سر جاتا ہے کیونکہ وہ ہمیں بس یہی کہتے رہتے ہیں کہ گیند آگے کرو، گیند آگے کرو اور یہی چیز لارڈز میں کام آئی۔‘
گذشتہ ٹیسٹ میچ میں محمد عامر نے جو وکٹیں لیں ان میں انھیں سب سے زیادہ جانی بیرسٹو کی وکٹ پسند آئی۔
’جانی بیرسٹو بہت اچھے بلے باز ہیں، وہ ایک بہترین وکٹ تھی اور میرے خیال میں ان کی وکٹ میچ کا پانسہ پلٹنے والی وکٹ تھی۔‘
محمد عامر نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک جبکہ دوسری اننگز میں چار انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کیا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ یکم جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔







