صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کے بعد ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مستعفی

مک کیب

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بار سیاسی تعصب کا الزام لگایا تھا اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق اینڈریو مک کیب نے مارچ میں ریٹائر ہونا تھا لیکن انھیں زبردستی اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ انڈریو مک کیب اس عہدے پر نہ رہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارہ ہکیبی سینڈرز نے پیر کو پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ’یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے نہیں کیا گیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’صدر اس فیصلے کا حصہ نہیں ہیں۔‘

انڈریو مک کیب گذشتہ مئی میں صدر ٹرمپ کی جانب سے جیمز کومی کو نکالنے کے بعد ایف بی آئی کے قائم مقام ڈائریکٹر بن گئے تھے۔

اس کے بعد امریکی صدر کی جانب سے کرسٹوفر ورے کا نام بطور ایف بی آئی ڈائریکٹر سامنے آیا جنھیں اگست میں سینیٹ نے منظور کر لیا۔

واشنگٹن ڈی سی کے نیوز ادارے ایگزیو نے گذشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ کرسٹوفر ورے نے خبردار کیا ہے کہ ان پر اٹارنی جنرل کی جانب سے انڈریو مک کیب کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اس لیے وہ اپنے عہدہ سے مستعفی ہو جائیں گے۔