’ٹرمپ شروع ہی سے کومی کو برطرف کرنا چاہتے تھے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر منتخب ہوتے وقت ہی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کرنے کے بارے میں غور کر رہے تھے۔
سارا ہکابی سینڈرز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ گذشتہ برس کئی غلط اقدامات کے بعد کومی پر اعتماد متزلزل ہو گیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کومی کو اس لیے برطرف کیا گیا کہ انھوں نے ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے معاملے کو ٹھیک طرح سے نہیں نبھایا تھا۔
٭ کومی کون؟
تاہم حزبِ اختلاف کے مطابق اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ کومی روس اور ٹرمپ کے تعلق کے بارے میں تفتیش کر رہے تھے۔
سینڈرز نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے خصوصی افسرِ استغاثہ مقرر کرنے کا مطالبہ رد کر دیا۔
انھوں نے کہا: 'ہم نہیں سمجھتے کہ اس کی ضرورت ہے۔ ہم سے زیادہ کوئی اور اس معاملے کو انجام تک پہنچانا نہیں چاہتا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کومی کی برطرفی نے واشنگٹن کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ڈیموکریٹ ارکان اس پر سخت برہم ہیں۔
ایوانِ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رکن ایڈم سکف نے، جن کا تعلق ڈیموکریٹ پارٹی سے ہے، کہا کہ اس برطرفی سے 'اس بارے میں سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کہ وائٹ ہاؤس ایک مجرمانہ معاملے میں کھلم کھلا مداخلت تو نہیں کر رہا۔'

،تصویر کا ذریعہEPA
تاہم صدر نے بدھ کی صبح اپنے اس اقدام کا دفاع کیا۔
انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: 'جیمز کومی کی جگہ کسی ایسے شخص کو لایا جائے گا جو ان سے بہتر کام کر سکے گا، اور ایف بی آئی کا وقار اور جذبہ واپس لا سکے گا۔
'کومی واشنگٹن میں ہر کسی کا اعتماد کھو بیٹھے تھے چاہے وہ رپبلکن ہو یا ڈیموکریٹ۔ جب حالات معمول پر آ جائیں گے تو سبھی میرا شکریہ ادا کریں گے۔‘
کومی ایف بی آئی کے دوسرے سربراہ ہیں جنھیں اپنے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ ابھی ان کی مدتِ ملازمت میں چھ سال باقی تھے۔
روسی صدر ولادی میر پوتن نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ اپنی اہلیت اور اپنے قانون کے مطابق عمل کر رہے ہیں۔'
ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر نے کہا ہے کہ وہ درخواست کریں گے کہ وزارتِ انصاف کی جانب سے اس معاملے پر سینیٹروں کے لیے بند کمرے میں بریفنگ منعقد کروائی جائے۔
وہ یہ مطالبہ بھی کریں گے کہ ایف بی آئی کی روسی مداخلت کی اب تک ہونے والی تفتیش کے لیے خصوصی استغاثہ افسر تعینات کیا جائے۔
تاہم امریکی نائب صدر مائیک پینس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے فیصلہ کن قیادت کا ثبوت دیا ہے اور یہ اقدام امریکی عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا: 'صدر نے صحیح وقت پر صحیح قدم اٹھایا ہے۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو اس لیے برطرف کیا ہے کہ 'وہ اپنا کام صحیح طریقے سے انجام نہیں دے رہے تھے۔'
انھوں نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہنری کسنجر کے ساتھ ملاقات کے دوران اس برطرفی کے بارے میں براہِ راست بات کی۔
امریکی صدر نے کہا کہ انھوں نے جیمز کومی کو ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے معاملے پر برخاست کیا ہے۔
تاہم امریکی میڈیا کے مطابق جیمز کومی نے امریکی انتخابات میں روس کی جانب سے مبینہ مداخلت کی تحقیقات کرنے کے لیے مزید رقم کا مطالبہ کیا تھا۔










