برطانیہ کے ایک گاؤں کا پب دنیا کا بہترین ریسٹورنٹ قرار

،تصویر کا ذریعہTHE BLACK SWAN
برطانیہ کے علاقے یارک شائر کے ایک گاؤں میں واقع ایک پب کو دنیا کا بہترین ریسٹورنٹ قرار دیا گیا ہے۔
اولڈ سٹید گاؤں کے اس ’دی بلیک سوان‘ نامی پب کو یہ اعزاز گاہکوں کی جانب سے دی گئی آرا کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔
سفری معلومات کی ویب سائٹ ٹرپ ایڈوائزر کے مطابق سنہ 2012 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب ایک برطانوی ریسٹورنٹ کو یہ اعزاز ملا ہو۔
ویب سائٹ کے مطابق اس پب کا انتخاب گذشتہ ایک سال کے دوران لاکھوں صارفین کی جانب سے دی جانے والی رائے سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔
دی بلیک سوان، مشلین سٹار ریسٹورنٹ ہے جس کو اس کے مالک نوجوان شیف ٹامی بینکس خود چلاتے ہیں۔
ٹامی کھانوں کے مقابلے میں اعلیٰ اعزازات جیت چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے حوالے سے ٹامی کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوارڈ جیتنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، اور اس کی اہم بات یہ ہے کہ صارفین کی رائے کی بنیاد پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔‘
ایوارڈ دینے والی ویب سائٹ ٹرپ ایڈوائزر کے بقول اس ایوارڈ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کا فیصلہ چند ماہرین نہیں کرتے بلکہ صارفین کی بڑی تعداد کی رائے کی بنیاد پر یہ جیتنے والے کا انتخاب کیا جاتا ہے۔








