سعودی عرب کی نصابی کتاب میں شاہ فیصل سٹار ٹریک کے کردار یوڈا کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہShaweesh/Gharem Studio
سعودی عرب کے وزیر تعلیم نے سکول کی نصاب کی کتابوں پر معافی مانگی ہے جن میں ایک تصویر چھپی ہوئی ہے جس میں سٹار وارز کا ایک کردار یوڈا شاہ فیصل کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔
احمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ کمیٹی اس نادانستہ غلطی کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اس تصویر میں یوڈا کو شاہ فیصل کے ساتھ بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے۔ شاہ فیصل اس تصویر میں سنہ 1945 میں اقوام متحدہ کے چارٹر پر دستخط کر رہے ہیں۔
یہ تصویر سعودی آرٹسٹ شویش نے بنائی تھی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
شویش نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو نہیں معلوم کہ یہ تصویر سکول کی نصابی کتاب میں کیسے چھپ گئی۔
تاہم انھوں نے کہا کہ وہ شاہ فیصل کی عزت کرتے ہیں جنھوں نے سعودی عرب کو بدل کر رکھ دیا اور عالمی سطح پر ایک اہم ملک بنایا۔
'ہر کوئی شاہ فیصل سے محبت کرتا ہے بشمول نئی نسل کے۔'
یہ تصویر سنہ 2013 کے آرٹ ورک میں سے ایک ہے جس کو 'اقوام متحدہ (یوڈا)' کا نام دیا گیا ہے۔ اس آرٹ ورک میں اقوام متحدہ کی تاریخی تصاویر پر امریکی پوپ کلچر جیسے کہ کیپٹن امریکہ سے لے کر ڈارتھ فیڈر تک کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شویش کا کہنا ہے کہ ان کو اس تصویر میں یوڈا کو شامل کرنے کا خیال اس وقت آیا جب انھوں نے مصر کے سابق صدر انور سادات کی تصویر دیکھی جس میں وہ ڈزنی لینڈ میں مکی ماؤس کے ہمراہ کھڑے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSaudi Ministry of Education
ان کا کہنا ہے کہ یوڈا کو شاہ فیصل کے ساتھ اس لیے بٹھایا کہ دونوں ہی 'دانشمند، مضبوط اور پرسکون' رہنے والے ہیں۔
شویش نے کہا کہ کچھ تبصروں میں ان پر بھی یہ تصویر بنانے پر تنقید کی جا رہی ہے لیکن زیادہ تر تنقید وزارت تعلیم پر ہے۔







