’پاکستان کے پاس ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نہیں، کم فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیار ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے پاس محاذِ جنگ پر استعمال ہونے والے جوہری ہتھیار نہیں بلکہ کم فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیار ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم عباسی نے کہا کہ 'پاکستان کے پاس ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نہیں ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس کم فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیار ہیں جو میدانِ جنگ میں استعمال کے لیے نہیں بنائے گئے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ جوہری ہتھیار بھی اسی طریقے سے محفوظ کیے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان کا باقی جوہری اسلحہ محفوظ بنایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار ایسا جوہری اسلحہ ہوتا ہے جو محاذِ جنگ پر دشمن فوج کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس میں زمین سے فضا یا فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، جوہری مواد سے لیس گولہ بارود، بارودی سرنگیں اور جوہری وار ہیڈ والے تارپیڈوز وغیرہ شامل ہیں۔
اس کے برعکس سٹریٹیجک جوہری اسلحے کو خاص منصوبہ بندی کے تحت ایسے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو محاذ جنگ سے دور مگر سٹریٹیجک اہمیت کے حامل ہوں۔ یہ اسلحہ عموماً بڑے پیمانے پر تباہی پھیلاتا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا ٹیکیٹکل جوہری اسلحہ نہ رکھنے کا بیان امریکی انٹیلیجنس کی معلومات کے مطابق نہیں ہے۔
اخبار کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ کے سابق صدر اوباما کے دوسرے دورِ اقتدار میں امریکہ نے اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ مذاکرات میں انھیں اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی تھیی کہ پاکستان محاذِ جنگ پر استعمال ہونے والے جوہری ہتھیار نصب نہ کرے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
خیال رہے کہ ستمبر 2015 میں پاکستان کی نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے پہلی مرتبہ کہا تھا کہ خطے میں روایتی ہتھیاروں کے عدم توازن کے باعث زیادہ موثر چھوٹے ایٹمی ہتھیار بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان کی اس نئی پالیسی کو 'فل سپیکٹرم ڈیٹرنس کیپیبلیٹی' کا نام دیا گیا تھا۔
شدت پسندوں کے ’محفوظ‘ ٹھکانے
وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی فوج سے افغان سرحد کے قریب سے شدت پسندوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو ختم کر دیا ہے۔
انھوں نے کہا 'ہم نے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اب وہاں کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں۔ کوئی بھی نہیں۔'
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی ان کوششوں کو نہیں سراہتا جن کے باعث پاکستانی فوج نے طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا۔
'پاکستان میں عام تاثر ہے کہ امریکہ پاکستان کی قربانیوں کو نہیں سراہتا اور آج ہم پر الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال پارٹنر ہیں اور اس سے کم نہیں۔'









