ٹائلٹ میں سانپ دیکھ کر بچہ 'بدحواس' ہو گیا

ٹوائلٹ میں سانپ

،تصویر کا ذریعہLAURA COWELL

برطانیہ میں ایک پانچ سالہ بچے نے جب ٹائلٹ کا ڈھکن اٹھایا تو اس کے اندر تین فٹ لمبا سانپ نکلا۔

ایسکس کے رہائشی بچے کی والدہ نے کہا ہے کہ بچہ اپنے باتھ روم میں سانپ دیکھ کر بدحواس ہو گیا۔

سانپوں کے ماہرین نے آ کر پائیتھن نسل کے اس بےضرر سانپ کو ٹوائلٹ کے اندر سے نکالا۔ اس کی لمبائی تین فٹ تھی اور یہ ابھی بچہ تھا۔

بچے کی ماں مسز کوویل نے کہا کہ سانپ دیکھ کر بچہ 'بدحواس ہو گیا اور کانپنے لگا۔ مجھے اندازہ ہو گیا کہ کوئی مسئلہ ہے، لیکن یہ اندازہ نہیں تھا کہ یہ معاملہ ہو گا۔‘

سانپوں کے ماہر یلڈہیم نے کہا کہ 'میں نے پچھلے دس سالوں میں کئی سانپ بچائے ہیں لیکن کبھی پہلے ٹوائلٹ میں سانپ نہیں دیکھا تھا۔ یہ میرے لیے پہلی بار ہے۔'

ٹوائلٹ میں سانپ

،تصویر کا ذریعہLAURA COWELL

،تصویر کا کیپشنسانپ کو بلیج کی وجہ سے زخم آئے تھے اور اس کا علاج کیا جا رہا ہے

یلڈہیم کا اندازہ ہے کہ یہ سانپ کسی پڑوسی کا پالتو سانپ ہے جو کسی طرح مسز کوویل کے ٹوائلٹ کے پائپ میں گھس گیا۔

سانپ کا علاج کیا جا رہا ہے کیوں کہ اسے ٹوائلٹ میں استعمال ہونے والے بلیچ سے زخم آئے ہیں۔

مسز کوویل کہتی ہیں کہ وہ اس واقعے کے بعد اتنی خوفزدہ ہو گئیں کہ انھوں نے ٹوائلٹ کے ڈھکن پر بھاری وزن رکھنے شروع کر دیے۔