'وہ مجھے چاند کی طرح خاموشی سے تکتی رہتی تھی'

جاپانی شہزادی ماکو اپنے منگیتر کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنجاپانی شہزادی ماکو اپنی شادی کے اعلان کے وقت اپنے منگیتر کے ساتھ یہاں دیکھی جا سکتی ہیں

جاپان کی شہزادی ماکو نے ایک عام جاپانی شہری سے شادی کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے جاپانی بادشاہ کی اجازت حاصل کرنے کے بعد یہ اعلان کیا ہے۔

اس اعلان کے بعد اب شادی کا طویل عمل شروع ہوگا اور اس کے ساتھ ہی شہزادی کی شاہی حیثیت ختم ہو جائے گی۔

جاپان کے متنازع شاہی قانون کے مطابق، شاہی خاندان کوئی خاتون اگر کسی عام شہری سے شادی کرتی ہیں تو انھیں اپنی شاہی حیثیت سے محروم ہونا پڑتا ہے جبکہ اگر شاہی خاندان کے مرد ایسا کریں تو ان کی شاہی حیثیت برقرار رہتی ہے۔

،ویڈیو کیپشنمحبوب کے لیے خاندان چھوڑنے والی جاپانی شہزادی

اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں، شہزادی ماکو نے کہا کہ وہ کیئی کومورو کی 'سورج جیسی مسکراہٹ' سے پہلے پہل ان کی طرف متوجہ ہوئيں۔

ماکو کہتی ہیں: 'مجھے بچپن ہی سے اس بات کا علم تھا کہ اگر میں کسی عام شخص سے شادی کرتی ہوں تو مجھے اپنی شاہی حیثیت گنوانی پڑ جائے گی۔'

اس کے ساتھ ماکو نے کہا: 'میں شاہی خاندان کے رکن کے طور پر اپنی بساط بھر شاہی کاموں کو انجام دینے کی کوشش کرتی رہی اور بادشاہ کا ہاتھ بٹاتی رہی لیکن اس کے ساتھ میں اپنی زندگی سے لطف اندوز بھی ہوتی رہی۔'

مقامی میڈیا میں منگنی کی مجوزہ خبر آنے کے بعد جاپان کی شاہی گھرانے کی ایجنسی سے باضابطہ طور پر یہ اعلان ہوا۔

شہزادی کے منگیتر 25 سالہ کیئی کومورو ایک لا کمپنی میں کام کرتے ہیں اور دونوں کی پانچ سال قبل یونیورسٹی میں دوران تعلیم ملاقات ہوئی تھی۔

شہزادی ماکو اور ان کے منگیتر کومورو

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشنشہزادی ماکو اور ان کے منگیتر کومورو پریس کے سامنے اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں

ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کومورو نے بتایا کہ راجکماری خاموشی سے ان کو ایسے دیکھتی تھیں جیسے چاند انھیں دیکھ رہا ہو۔

25 سالہ راجکماری ماکو پرنس فومی ہیتو یعنی پرنس اکیشینو کی سب سے بڑی بیٹی ہیں۔ وہ ڈاکٹریٹ کر رہی ہیں اور ایک میوزیم میں محقق کے طور پر کام کرتی ہیں۔

شہزادی کی شادی کا اعلان جولائی میں ہونا تھا لیکن مغربی جاپان میں بارش کی تباہ کاریوں کے سبب اسے ملتوی کر دیا گیا۔ سرکاری میڈیا این ایچ کے کے مطابق ان کی شادی آئندہ سال ہوگی۔