صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کی کینیڈی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت سے معذرت

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیہ ٹرمپ نے فن و ثقافت اور فنکاروں کی ترویج کے لیے منعقد کیے جانے والے سالانہ کینیڈی ایوارڈز میں شرکت کرنے سے یہ کہہ کر معذرت کر لی ہے کہ وہ لوگ جو اس تقریب میں شرکت کر رہے ہیں وہ 'بغیر کسی سیاسی مداخلت کے لطف اٹھا سکیں۔'
اس ایوارڈ میں شرکت کرنے والے چند مہمان جن کو ایوارڈ ملنا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ وہ تقریب سے پہلے وائٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والے عشائیے کا بائیکاٹ کریں گے۔
کینیڈی ایوارڈ میں فنکاروں کو لائف ٹائم اچیومنٹ کے اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔
مارچ میں بجٹ کے بارے میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پبلک براڈکاسٹنگ اور فنون لطیفہ کے لیے مختص کیے گئے سرکاری فنڈز میں کمی کرنے کا اشارہ دیا۔
اس کے علاوہ ورجینیا میں ہونے والے نسلی ہنگاموں کے بعد سے صدر ٹرمپ شدید تنقید کا نشانہ بنے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈیموکریٹس اور ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے صدر ٹرمپ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان ہنگاموں میں سفید فام نسل پرستوں کے ساتھ نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو بھی قصور وار ٹھہرا رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک اعلامیے میں کہا گیا: 'صدر اور خاتون اول نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس سال ہونے والے کینیڈی ایوارڈز میں شرکت نہیں کریں گے تاکہ تقریب میں شامل اعزاز جیتنے والے مہمان بغیر کسی سیاسی مداخلت کے پروگرام کا لطف اٹھائیں۔ خاتون اول میلانیہ ٹرمپ بھی اپنے شوہر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کینیڈی ایوارڈ میں اعزاز حاصل کرنے والوں کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتی ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہReuters
رقاص کارمن لاوالاڈے، جن کو دسمبر میں ہونے والی اس تقریب میں نوازا جائے گا، نے اس ہفتے کہا کہ وہ تقریب سے پہلے وائٹ ہاؤس میں ہونے والے عشایئے میں شرکت نہیں کریں گی۔
'حال ہی میں ہونے والے واقعات اور ہمارے رہنماؤں کے ناگوار اور تباہ کن طرز بیان اور معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے والے بیانیے کی روشنی میں اس عشایئے کی دعوت کو رد کردوں گی۔'
معروف گلوکار لیونل رچی نے بھی این بی سی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاید اس تقریب میں شرکت نہ کریں۔ 'آج کل جو ہو رہا ہے، جو تنازعات چل رہے ہیں، میں ان سے بالکل بھی خوش نہیں ہوں۔'
یاد رہے کہ شارلوٹسول میں ہونے والے ان ہنگاموں میں سفید فام نسل پرستوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والی ایک 32 سالہ عورت بھی ہلاک ہو گئی تھی جن پر گاڑی چڑھا دی گئی تھی۔









