مسافر کو گھسیٹنے پر یونائیٹڈ ایئر لائنز کے سربراہ نے معافی مانگ لی ہے

،تصویر کا ذریعہJAYSE D ANSPACH
یونائیٹڈ ایئر لائنز کے سی ای او نے مسافر کو گھسيٹ كر طیارے سے نکالے جانے کے واقعہ پر معافی مانگی ہے۔
انھوں نہ اس واقعے کو ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کمپنی کے حصص میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس سے پہلے انھوں نے اپنے ملازمین کا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا تھا کہ مسافر کو ہوائی جہاز سے نکالنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز کی ایک پرواز میں گنجائش سے زیادہ ٹکٹ بک کیے جانے کے بعد ایک مسافر کو زبردستی طیارے سے اتارنے پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔
ملازمین کو لکھے گئے ایک ای میل میں ایئر لائن کے سی ای او آسکر منوز نے کہا ہے کہ وہ واقعے کے بارے میں دیکھ اور سن کر دکھی ہیں۔
اس سے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ زبردستی اتارا گیا مسافر ’اڑیل اور جھگڑالو ‘ تھا۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد جاری کئے گئے بیان میں ایئر لائن نے کہا تھا کہ واقعات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویڈیو میں ایک مسافر کو اس سیٹ سے گھسيٹ كر باہر لے جایا جا رہا ہے۔ بعد میں مسافر کے چہرے پر خون بھی دکھائی دیتا ہے۔
واقعے کے بعد ایئر لائن کی مالک کمپنی کے شیئر چار فیصد سے زائد تک گر گئے۔
ایئر لائن اپنے چار ملازمین کے لئے جگہ بنانے کے لیے چار مسافروں کو ہوائی جہاز سے اتارنا چاہتی تھی۔








