میلانیا ٹرمپ کے سرکاری پورٹریٹ کی نقاب کشائی

،تصویر کا ذریعہAFP
وائٹ ہاؤس نے امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی پہلی سرکاری پورٹریٹ شائع کر دی ہے۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق 46 سالہ سابق ماڈل میلانیا ٹرمپ کی یہ تصویر وائٹ ہاؤس میں لی گئی۔
اس تصویر کے فوٹو گرافر اور یہ کب لی گئی کی تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں۔
میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے 'امریکی خاتونِ اول کی حیثیت سے کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور میں آنے والے سالوں میں امریکی عوام کی خاطر کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔'
میلانیا ٹرمپ نیو یارک میں اپنے دس سالہ بیٹے بیرن کے ساتھ رہتی ہیں اور اپنے شوہر کے صدر بننے کے بعد سے بڑی حد تک مرکزِ توجہ سے دور رہتی ہیں۔
امید کی جا رہی کہ میلانیا ٹرمپ اپنے دس سالہ بیٹے بیرن کی سکول کی پڑھائی مکمل ہو جانے کے بعد ان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس منتقل ہو جائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی سوانع عمری کے مطابق میلانیا ٹرمپ بچوں کے درمیان سائبر غنڈہ گردی کے مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
میلانیا ٹرمپ دوسری امریکی خاتونِ اول ہیں جن کی پیدائش امریکہ سے باہر ہوئی ہے۔
امریکہ کے سابق صدر جان ایڈمز کی بیوی لوئیسا ایڈمز کی پیدائش لندن میں ہوئی تھی۔








