شمالی کوریا: کم جونگ نام کی ہلاکت، ایک اور مشتبہ خاتون گرفتار

کم جونگ نام

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکم نام کی موت پیر کے روز بظاہر زہر دینے کی وجہ سے ہوئی۔ وہ ملائیشیا میں کوالالمپور ایئر پورٹ پر فلائٹ کا انتظار کر رہے تھے

ملائیشیا کی پولیس نے شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ کے بھائی کم جونگ نام کی ہلاکت کے سلسلے میں ایک اور مشتبہ خاتون کو گرفتار کیا ہے۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز ایک اور خاتون کو گرفتار کیا گيا تھا جو ویت نامی پاسپورٹ کے ساتھ سفر کر رہی تھیں۔ آج جمعرات کو انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کم نام کی موت پیر کے روز بظاہر زہر دینے کی وجہ سے ہوئی۔ وہ ملائیشیا میں کوالالمپور ایئر پورٹ پر فلائٹ کا انتظار کر رہے تھے اور ایسا لگتا ہے اسی وقت انھیں زہر دیا گيا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہو چکی ہے لیکن اس کے نتائج کے بارے میں ابھی سرکاری سطح پر کچھ نہیں کہا گيا۔

رائل ملائیشیا پولیس کے انسپکٹر جنرل شری خالد بن ابو بکر نے کہا کہ جمعرات کے روز دوسری خاتون کو ایک کورین کی موت کے کیس میں' گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت سی سی ٹی وی کمیرے کے فوٹیج سے کی گئی ہے جن کے پاس انڈونیشیا کا پاسپورٹ ہے۔

گرفتار شدہ خاتون

،تصویر کا ذریعہREX/SHUTTERSTOCK

،تصویر کا کیپشنگذشتہ روز ایک اور خاتون جو، ویتنامی پاسپورٹ کے ساتھ سفر کر رہی تھیں، کو گرفتار کیا گيا تھا اور آج انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا

ملائیشیا نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ مرنے والا شخص کم جونگ نام ہے کیونکہ وہ 'کم چول' کے نام سے سفر کر رہے تھے۔

لیکن جنوبی کوریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ ہلاک ہونے والے کم جونگ نام ہی ہیں اور خفیہ ایجنسی نے حکومت کو بتایا ہے کہ ان کے خیال میں کِم کو زہر دیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے حکمارں کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کی عمر 45 برس تھی۔

بدھ کے روز بعض اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا نے کم جونگ نام کی لاش کا دعویٰ کیا ہے لیکن ملائشیا کے سینیئر پولیس افسر عبدالسماح نے کہا کہ شمالی کوریا کے سفارت خانے کے حکام نے ہسپتال کا دورہ تو کیا ہے لیکن لاش کو نکالنے کے سلسلے میں ان کی طرف سے کوئی درخاست نہیں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے لاش لینے سے متعلق کوئی درخواست آئی تو لاش ان کے حوالے کرنے پر ملائیشیا کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔