مسجد الحرام میں خود سوزی کی کوشش پر ایک شخص گرفتار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سعودی عرب کے شہر مکہ میں پولیس نے ایک شخص کو مسجد الحرام میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے قریب خود سوزی کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا اور اس شخص نے اپنے کپڑوں پر پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
خانہ کعبہ کی سکیورٹی پر مامور پولیس حکام نے ایک بیان میں کہا کہ اس شخص کی حرکتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔
پولیس نے اس شخص کی عمر 40 سال بتائی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں پولیس کو ایک شخص کو گردن سے پکڑے کر لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے تاہم اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔



