چربی، ریستوران کا پانچ پاؤنڈ کے نوٹ لینے سے انکار

پاؤنڈ

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنپانچ پاؤنڈ کے نوٹ کے آنے کے بعد سے اس میں شامل چربی کے خاتمے کی پٹیشن پر 120000 دستخط کیے جا چکے ہیں

برطانیہ میں سبزی خوروں کے ایک ریستوران نے پانچ پاؤنڈ کے نئے نوٹ لینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ ان نوٹوں میں جانوروں کے اجزا شامل ہیں۔

برطانیہ کے شہر کیمریج میں واقع رینبو کیفے کی مالک شیرون میجلینڈ نے گاہکوں کے لیے اس پالیسی سے متعلق تنبیہہ لگا دی ہے۔

جب سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ نئے پانچ پاؤنڈ کے نوٹ کی بناوٹ میں استعمال ہونے والے پولیمر میں جانوروں کی چربی شامل ہے برطانیہ میں کئی مذہبی اور سبزی خور حلقوں کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

بینک آف انگلینڈ نے یہ کہنے سے گریز کیا کہ آیا کوئی ان نوٹوں کو قبول کرنے کے لیے قانونی طور پر پابند ہے یا نہیں۔

مسز میجلینڈ کا کہنا ہے کہ انھوں نے گاہکوں سے وعدہ کیا ہے کہ یہ کیفے اخلاقیات قائم رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا ’چربی جانوروں سے حاصل ہونے والی چیز ہے۔ جبکہ ہمارا سارا کاروبار اسی بات پر منحصر ہے کہ ایسی کوئی چیز یہاں اس احاطے میں نہیں ہوگی۔‘

مسز میجیلینڈ کا کہنا تھا ’گو کہ پیسوں کا لین دین کرنے والا شخض کھانا پیش نہیں کرتا لیکن یہ مدعا ہے ہی نہیں۔‘

برطانیہ

،تصویر کا ذریعہGoogle

،تصویر کا کیپشنرینبو کیفے کے مالک شیرون میجلینڈ نے گاہکوں کے لیے اس پالیسی سے متعلق تنبیہہ لگا دی ہے

ان کا کہنا تھا کہ وہ نوٹوں میں گوشت کے جز کے پائے جانے پر حیران ہیں۔

’یہ بہت نفرت انگیز ہے اور ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ہم اپنے ریستوران میں یہ نوٹ ہی قبول نہیں کریں گے۔ ‘

’جب سے ہم نے نوٹ سے متعلق یہ تنبیہہ لگائی ہے کسی گاہک نے کوئی شکایت نہیں کی۔ ‘

ان کے بقول زیادہ تر گاہک تو کارڈ سے ادائیگی کرتے ہیں۔ ’اگر ان کے پاس صرف پانچ پاؤنڈ کا ہی نوٹ ہوا تو ہمارا عملہ انہیں کسی نہ کسی طرح سہولت دینے کی کوشش کرنے گا۔‘

ستمبر میں اس نئے پانچ پاؤنڈ کے نوٹ کے آنے کے بعد سے اس میں شامل چربی کے خاتمے کی پٹیشن پر 120000 دستخط کیے جا چکے ہیں۔

بینک کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہا ہے۔