ہلیری کی ٹیم کا ایف بی آئی پر ’دوہرے معیار‘ کا الزام

،تصویر کا ذریعہAP
امریکہ میں آئندہ ہفتے ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ہلیری کلنٹن کی مہم نے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کلنٹن کی انتخابی مہم نے ہلیری کلنٹن کی ای میل کے استعمال کے متعلق نئی تحقیقات پر ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی پر دوہرے معیار برتنے کا الزام لگایا ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی میڈیا کے مطابق جیمز کومی نے برملا روس پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور مبینہ ای میل ہیکنگ کا الزام لگایا ہے۔
ایف بی آئي نے اس معاملے پر بی بی سی کو معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس سے قبل ہوم لینڈ سکیورٹی اور ڈائریکٹر آف انٹیلیجنس کے شعبے نے اکتوبر میں ایک بیان جاری کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ: امریکی انٹیلیجنس برادری پراعتماد ہے کہ روسی حکومت نے حال میں امریکی سیاسی تنظیموں، افراد اور اداروں کے ای میلز کو ہیک کرنے کی بات کہی ہے۔ یہ چوریاں اور افشائے راز امریکہ کے انتخابی عمل میں مداخلت ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بیان کو مسٹر کومی نے مبینہ طور پر مسترد نہیں کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی میڈیا کے مطابق مسٹر کومی اس بیان سے اتفاق کرتے تھے لیکن وہ اسے انتخابات سے قبل جاری کرنے کے خلاف تھے۔
یہ الزامات لگائے جاتے ہیں کہ روسی ہیکروں نے ڈیموکریٹس کو نشانہ بنایا ہے تاکہ انتخابات کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں موڑ سکے۔
ہلیری کلنٹن مہم کے منیجر روبی موک نے کہا کہ اسے کسی بھی طرح دوہرے معیار سے مختلف نہیں دیکھا جا سکتا ہے۔
انھوں نے مسٹر کومی سے اپیل کی کہ وہ اس دوہرے معیار کی فوری وضاحت کریں اور اسی طرح کے معیار ٹرمپ کے ساتھیوں کے ساتھ اپنائيں۔
مسٹر کومی پر انتخابات سے صرف 11 دن قبل ہلیری کلنٹن کی ای میلز سے متعءق نئی تحقیقات کے اعلان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ مارچ سنہ 2015 میں یہ ثابت ہوا تھا کہ ہلیری کلنٹن نے اپنی وزارتِ خارجہ کے دور میں ذاتی ای میل اکاؤنٹ کا استعمال کرکے وفاقی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
مسٹر کومی نے جولائی میں کہا تھا کہ مسز کلنٹن رازداری کی معلومات کے بارے میں بہت لاپروا ثابت ہوئی ہیں تاہم ان کے خلاف کسی مقدمے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ایف بی آئی نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ کی نائب ہما عابدین کی ای میلز تلاش کرنے کے لیے وارنٹ حاصل کیے تھے۔
یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ ہیلری کلنٹن سے متعلق یہ ای میلز ہما عابدین کے سابق شوہر اینتھونی وینر کے لیپ ٹاپ سے ملی تھیں۔
ایف بی آئی کو یقین ہے کہ ہلیری کلنٹن جو اس وقت امریکی وزیرِ خارجہ تھیں، کے نجی سرور پر حساس معلومات موجود تھیں۔








