آئندہ سال پاکستان میں بین الاقوامی ٹورنامنٹ کرائیں گے: نجم سیٹھی

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال پاکستان میں ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ منعقد کروانے کے لیے پی سی بی ان دنوں چند کرکٹ بورڈز سے بات چیت کر رہا ہے۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اس مرحلے پر وہ اس بارے میں زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتے لیکن یہ ضرور ہے کہ اگر پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو جاتا ہے تو پھر ان غیرملکی ٹیموں کے ساتھ ایک ٹورنامنٹ لاہور یا کراچی میں کرائیں گے جہاں سکیورٹی بہتر ہے ۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ آئندہ سال صرف پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہی پاکستان میں نہیں ہوگا بلکہ چند دوسری غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔
گذشتہ دنوں آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نجم سیٹھی نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ برادری کو اب احساس ہوگیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے خاص کر اس لیے بھی کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے مسلسل انکار کررہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہت زیادہ مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کو اپنی تمام تر انٹرنیشنل کرکٹ ملک سے باہر کھیلنی پڑرہی ہے جہاں بہت زیادہ مہنگائی ہے اسی لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مالی مدد کے لیے کہا تھا جسے تسلیم کرلیا گیا ہے۔
ان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کرکٹ حکام کو آئی سی سی کےذریعے یہ سمجھایا جائے گا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو رعایت دیں اوراگر ایسا نہیں تو پھر آئی سی سی اپنے فنڈ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مالی مدد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ آپ قرض لے لیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکار کردیا کہ وہ اپنا حق مانگ رہا ہے وہ بھیک مانگنے نہیں آیا ہے ۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بھارت اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے پاکستان سے کھیلنے پر تیار ہوجائے تو پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے فنڈ سے ملنے والے تمام پیسے واپس کردے گا ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات معمول پر آنے کے بعد پاک بھارت سیریز ضرور ہوگی لیکن مشکل یہ ہے کہ جب بھی حالات بہتر ہونے لگتے ہیں توکچھ نہ کچھ گڑبڑ ہوجاتی ہے۔








