ٹرمپ کا انتخابی نتائج کے بارے میں بیان ’خطرناک‘ ہے: براک اوباما

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اصرار کے شاید وہ انتخاب کے نتائج کو تسلیم نہ کریں ’خطرناک‘ ہے۔
میامی میں ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے صدر براک اوباما نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے تبصرے امریکی جمہوریت کو کمزور کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف ہلیری کلنٹن کے ساتھ ٹی وی پر ہونے والے آخری مباحثے میں آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔
بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ صرف ’شفاف‘ نتائج کو تسلیم کریں گے۔
جمعرات کو اوہائیو میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی بات کو کچھ اس انداز میں کہا: ’میں وعدہ کرتا ہوں اور اپنے تمام ووٹروں اور حمایت کرنے والوں اور تمام امریکی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اس عظیم اور تاریخی انتخاب کے نتائج کو مکمل طور پر تسلیم کروں گا، لیکن اگر میں کامیاب ہوا تو۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسی خطاب میں انھوں نے مزید کہا کہ وہ انتخاب کے واضح نتائج کو تسلیم کریں گے لیکن دوسری صورت میں وہ قانونی کارروائی کا حق بھی رکھتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے چند گھنٹوں بعد امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ اس طرح سے عوام کے ذہنوں میں امریکی انتخاب کے حوالے سے شک کے بیج بونا ملک کے دشمنوں کو بڑھاوا دینے کے برابر ہے۔
صدر اوباما نے کہا کہ ’آپ ہمارے مخالف کام کر رہے ہیں کیونکہ ہماری جمہوریت اس بنیاد پر کھڑی ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ ان کے ووٹ سے فرق پڑتا ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر ان کی اپنی پارٹی کے بہت سے ارکان نے ان پر تنقید کی ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف اس انتخاب میں دھاندلی کی جا رہی ہے۔









