وہ عامل جو جڑی بوٹیوں سے ’بُری قسمت، نظربد اور بےوفا شوہر کا علاج‘ کرتے ہیں

،تصویر کا ذریعہVinita Salisbury
- مصنف, ہائیڈ برانڈس
- عہدہ, بی بی سی ٹریول کے لیے
ایکواڈور کے دارالحکومت کیٹو میں ایک چھوٹی سی دکان کے عقبی کمرے میں ایک نحیف اور معمر خاتون نے میرے برہنہ جسم پر چبھن کا احساس پیدا کرنے والے پتے ملنے شروع کیے۔
وہ ہسپانوی زبان میں کچھ بڑبڑانے لگیں اور اُن کے ہاتھ میرے سر سے پیروں تک تیزی سے حرکت کرنے لگے۔ کچھ سینکڈز میں مجھے اپنے جسم میں جلن محسوس ہونے لگی اور اس کے ساتھ سوجن کی وجہ سے جسم پر سرخ رنگ کے دھبے پڑ گئے۔
انھوں نے مجھ سے کہا کہ ’آپ کی طاقت بلاک ہو گئی ہے۔ ہمیں آپ کی طاقت کے راستے کھولنے ہوں گے۔‘ پھر اس جلن کے احساس کے دوران ہی انھوں نے دوبارہ میرے جسم کو جھاڑنا شروع کر دیا۔ درد برداشت کرنے کے سوا میرے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔
ایما لیگلا ایکواڈور کے لمپیادور (کلینرز) میں سے ایک ہیں۔ کئی صدیوں سے یہ لوگ روایتی انداز میں لوگوں کو شفایاب کرنے کا دعویٰ کرتے چلے آ رہے ہیں۔ اُن کا یقین ہے کہ اس کے پاس موجود جادوئی تاثیر رکھنے والے مقدس پودے بُری قسمت اور نظرِبد جیسی بیماریوں کا علاج کر سکتے ہیں۔
میں ان کے پاس اپنی ’روحانی صفائی‘ کے لیے آئی تھی۔ اس عمل میں روایتی پودوں کو جسم سے ملا جاتا ہے تاکہ بُری قوتوں سے نجات حاصل ہو سکے۔ اس کے بعد مجھے جلن کا احساس ہوا اور پورا جسم کانپ اٹھا۔ اگر یہ کوئی مثبت علامت تھی تو شاید مجھے یہی علاج چاہیے تھا۔
ایکواڈور کے ہر بازار میں کورنڈیروز (روایتی عامل) مختلف سٹالز پر اپنے ہنر پیش کرتے ہیں۔ ان کے سٹال پر گلاب، جسے روحانی صحت سے جوڑا جاتا ہے، لیمن گراس اور چائے کے پتے موجود ہوتے ہیں جنھیں دودھ سے بننے والے ایک مشروب ’اورچاتا‘ میں ملایا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس خوشبودار تیل کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اس کی مدد سے آپ کا محبوب آپ کے قریب آئے گا۔ اس کے علاوہ ان سٹالز پر ایکواڈور کے پہاڑی سلسلے ’اینڈس ہائی لینڈز‘ کے پودے جیسے ’رو‘ جو کہ ماہواری کے ماہانہ اوقات میں مدد کرتی ہے اور ایشپنگو ایک ایسا مسالحہ جو اینٹی فنگل خصوصیات کا حامل ہے اور معدے کے درد کے لیے چائے میں استعمال کیا جاتا ہے، بھی موجود ہوتے ہیں۔
گلیوں کے اطراف میں موجود کورنڈیروز کی اِن دکانوں پر صرف جڑی بوٹیوں سے بنی مصنوعات ہی فروخت نہیں کی جاتیں بلکہ یہاں ہونے والے علاج بھی خاصے مشہور ہیں۔ (لمپیادور وہ خاص قسم کے کورنڈیروز ہیں جو روحانی علاج کرتے ہیں)۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میرے ٹوور گائیڈ مارکوس پیرالوو نے ایک دکان میں داخل ہوتے ہوئے مجھے بتایا کہ ’یہاں موجود یہ خواتین مریضوں پر بُرے سائے، بُری طاقتوں اور تناؤ کا علاج کرتی ہیں۔ یہ ایک قسم کی نسل در نسل منتقل ہونے والی جادوئی قسم کی دوا ہے لیکن یہ کوئی قدرتی دوا نہیں۔ آپ یہاں ایسے علاج کے لیے آتے ہیں، جو ڈاکٹر نہیں کر سکتے جیسا کہ بُرے سائے اور نظر وغیرہ کا علاج۔ یہ ان جڑی بوٹیوں کا استعمال کرتے ہیں، جو بُری طاقتوں کو جذب کر لیتی ہیں۔ یہ ہمارا عقیدہ ہے۔‘
’بالغ افراد جہاں روح کی بالیدگی کے لیے آتے ہیں، وہیں ایک بڑی تعداد میں آنے والے مریض چھوٹے بچے ہیں، جن کی مائیں ان کو بُری نظر سے بچانے کے لیے یہاں لاتی ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہHeide Brandes
خوش قسمتی سے سٹینگنگ نیٹل (چبھنے والے پتے) بچوں پر استعمال نہیں کیے جاتے۔ میں نے وہاں ایک عورت کو اپنے بچے کو اٹھائے ہوئے دیکھا جب لیگلا نومولود کے جسم کو پودینے اور دوسری جڑی بوٹیوں سے مل رہی تھیں۔ اس کے بعد لیگلا نے بچے کو محفوظ رکھنے کے لیے اس کے گلے میں سبز رنگ کے بیروں کا ایک ہار پہنا دیا۔ اس کے بعد لیگلا نے عرق گلاب میں بھگوئے گلاب کے پتوں کو بچے کے اوپر چھڑکا اور اس دوران بچہ اپنی ماں کی بازوؤں میں ہی سو گیا۔
میرے ٹوور گائیڈ نے مجھے بتایا کہ ’اب لیگلا ماں کو چائے کے لیے جڑی بوٹیاں دیں گی۔ ماں کو انھیں پینا پڑے گا کیونکہ وہ ابھی بھی بچے کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔ انھیں یہ چائے دن میں کئی بار پینا ہو گی۔‘
میرے ٹوور گائیڈ نے بتایا کہ لمپیادور مساج کی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ دوسرے مسائل جیسے بے وفا شوہر، کسی کو اپنی محبت میں مبتلا کرنا، گمشدہ چیزوں کی تلاش اور حتیٰ کہ طلبا کو پڑھائی میں درپیش مسائل حل کرنے کا بھی دعویٰ کرتے ہیں۔ چند لمپیادور تو کسی مر جانے والے شخص کی روح کسی جیتے جاگتے انسان میں واپس لانے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ایک وسیع تر روحانی صفائی میں کورنڈیروز لمپیا کا عمل شروع کرتے ہیں، ایک ایسا عمل جس کے بارے میں یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ قدرت اپنے اندر ہر مرض کے علاج کی طاقت رکھتی ہے۔
صحت حاصل کرنے کے لیے اس عمل میں مریض کے جسم پر انڈے یا سیاہ رنگ کے مردہ سؤر کو بھی رگڑا جاتا ہے، پھر اس کے بعد جڑی بوٹیاں اور سٹینگنگ نیٹل جیسے پودے استعمال کیے جاتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چونکہ میں بیمار نہیں تھی تو مجھے انڈے یا سؤر کے علاج کی ضرورت نہیں تھی، میری روحانی صفائی کا یہ عمل خاصا سادہ اور تیز تھا۔ یہ ایک روحانی مساج جیسے تھا۔ چبھنے والے پتوں کی وجہ سے میرے جسم میں جلن جاری تھی کہ لیگلا نے عرق گلاب میں بھگوئی گلاب کی پتیاں میرے جسم پر رکھیں تاکہ مجھے سکون مل سکے۔
لیگلا نے وضاحت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ ’اس سے آپ کے جسم اور روح کو سکون ملے گا۔ آپ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔‘
ایکواڈور کے پہاڑی سلسلے اینڈین ہائی لینڈز میں ان عقیدوں پر گہرا یقین رکھا جاتا ہے لیکن ملک کے شہری علاقوں میں ان پر یقین کم ہوتا جا رہا ہے لیکن پھر بھی کچھ ایسے ہسپتال ضرور موجود ہیں جہاں ڈاکٹرز لمپیادور کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ مریض کی ’روحانی صفائی‘ کریں جبکہ وہ اپنا علاج بھی جاری رکھتے ہیں۔
اس بارے میں شواہد موجود ہیں کہ آپ کا دماغ آپ کے جسم کو اس بارے میں رضامند کر سکتا ہے کہ کوئی خاص علاج کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ اس حد تک کہ کچھ کیسز میں ایک میٹھی گولی بھی کسی جدید دوا کی طرح کام کر سکتی ہے، خاص کر کے درد کی صورت میں۔
میرے ٹوور گائیڈ مارکوس پیرالوو، جو یہاں پلے بڑھے ہیں، کی طرح یہاں کے مقامی افراد کو اس بارے میں رضا مند کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ مارکوس نے مجھے بتایا کہ وہ جڑی بوٹیوں کی شفا بخشنے والی خصوصیات پر یقین رکھتے ہیں۔ انھوں نے مجھے بتایا کہ ایک بار ان کی دو برس کی بیٹی پریڈ کے شور شرابے سے ڈر کر بیمار پڑ گئی اور مسلسل روتی رہتی۔ مارکوس کی اہلیہ لوک علاج پر یقین نہیں رکھتی تھیں لیکن انھوں نے اپنی بیوی کو کورنڈیروز کے پاس جانے کے لیے رضا مند کیا۔
مارکوس بتاتے ہیں کہ ’میری بیٹی کی روحانی صفائی کے بعد مجھے بتایا گیا کہ وہ کم از کم تین گھنٹے سوئے گی۔ میری بیٹی کبھی دن میں نہیں سوتی تھی لیکن اس دن وہ سوئی۔ وہ سو گئی اور جب جاگی تو وہ اپنے کمرے میں جانا چاہتی تھی اور وہ اپنے پیروں پر چل کر وہاں گئی۔‘
’اس (عمل) کے کام کرنے کے لیے آپ کو اس قسم کی چیزوں پر یقین کرنا ہو گا لیکن شہروں کے کچھ لوگ اس قسم کی چیزوں پر یقین نہیں رکھتے۔‘
ایکواڈور کے دارالحکومت کیٹو میں جب میں اس دکان سے نکلی تو میرے جسم میں جلن تب بھی جاری تھی لیکن حیرت انگیز طور پر میں بہت پُرسکون محسوس کر رہی تھی۔ دس دن کے سفر کی تھکان اور تناؤ اب دور ہوتا محسوس ہو رہا تھا۔ اگلے روز صبح مجھے اپنی روح بہت ہلکی محسوس ہوئی۔
شاید میں صرف لیمپیا کی روحانی طاقت پر یقین کرنا چاہتی تھی لیکن اس سارے عمل کے دوران میں نے یہ سیکھا کہ صحت یاب اور شفا ہونے کا یہ سلسلہ خاصا طویل ہو سکتا ہے۔











