یوسف آئی پی ایل نہیں کھیل سکتے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی کی ثالثی عدالت نے پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف کے خلاف حکم امتناعی کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں نہیں کھیل سکتے۔ واضح رہے کہ محمد یوسف نے باغی لیگ آئی سی ایل سے کیا گیا معاہدہ ختم کر کے آئی پی ایل سے معاہدہ کر لیا تھا جس پر آئی سی ایل نے ممبئی کی ثالثی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے محمد یوسف کے خلاف عبوری حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا۔ جسٹس ( ریٹائرڈ) بی پی سراف پر مشتمل ممبئی کی ثالثی عدالت نے اپنے حتمی فیصلے میں عبوری حکم امتناعی کی تصدیق کردی ہے۔ آئی سی ایل کے قانونی مشیر ہتیش جین نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی سی ایل نے محمد یوسف کو کبھی بھی اپنے ملک کی نمائندگی سے نہیں روکا تھا اور نہ ہی وہ ایسا کر سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس دعوے کو غلط قرار دیا کہ محمد یوسف نے آئی سی ایل سے کیا گیا معاہدہ اس لیے ختم کیا کہ وہ آئی سی ایل کے میچز ہونے کی صورت میں پاکستان کی طرف سے نہیں کھیل سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگست ہی میں محمد یوسف کو بتا دیا گیا تھا کہ اگر آئی سی ایل اور پاکستان کے میچز ایک ہی تاریخوں میں ہوتے ہیں تو ملک کے لیے کھیلنا ان کی پہلی ترجیح ہوگی۔ ہتیش جین نے کہا کہ چونکہ محمد یوسف کو کنٹریکٹ ختم کرنا تھا اس لیے وہ کوئی نہ کوئی بہانہ تو تلاش کرتے لہذا انہوں نے یہ بہانہ کیا کہ آئی سی ایل سے کھیلنے کی صورت میں انہیں ملک سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ممبئی کی ثالثی عدالت کو معتصبانہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں ابھی تک ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پی آگاہ نہیں کیا ہے اور وہ اس کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں ممبئی کے ایک وکیل اقبال چھاگلہ کی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔ آئی سی ایل کے وکیل ہتیش جین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف جو بھی اپیل ہوگی وہ محمد یوسف کی طرف سے ہوسکتی ہے اس کیس کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محمد یوسف کے اس کیس کے بارے میں ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ بات تو ابتدا ہی میں واضح ہوگئی تھی کہ آئی سی ایل کھیلنے والے کرکٹرز اپنے ملک کی نمائندگی کے اہل نہیں ہونگے کیونکہ آئی سی ایل کو آئی سی سی کی منظوری حاصل نہیں لہذا جس کرکٹر نے بھی اس سے معاہدہ کیا اس نے سوچ سمجھ کر قدم اٹھایا تھا اور اس کے بعد محمد یوسف کا یہ کہنا عجیب سا معلوم ہوتا ہے کہ چونکہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کرسکتے تھے اس لیے انہوں نے معاہدہ ختم کیا۔ | اسی بارے میں یوسف لنکاشائر سے کھیلیں گے01 May, 2008 | صفحۂ اول یوسف کیس:’دیر پاکستانی بورڈ سے‘26 April, 2008 | کھیل محمد یوسف نیلامی سے باہر20 February, 2008 | کھیل ووسٹرشائر کی عمر گل میں دلچسپی26 October, 2007 | کھیل انضمام کا یارکشائر کاؤنٹی سے معاہدہ 15 August, 2007 | کھیل ’باغی‘کرکٹر اجازت نامے سے محروم28 February, 2008 | کھیل ’آئی سی ایل کھیلنے پر سزا غلط‘26 January, 2008 | کھیل ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں: یونس25 August, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||