شعیب ملک کے لیے مزید ایک سال | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئے آئین کے تحت بننے والے گورنگ بورڈ نے شعیب ملک کو مزید ایک سال کے لیے پاکستان کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ نئے آئین کے تحت بننے والے گورنگ بورڈ کا آج لاہور میں پہلا اجلاس ہوا۔ شعیب ملک دسمبر سنہ 2008 تک کے لیے پاکستان کی ٹیم کی قیادت کریں گے یہ اعلان کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے شعیب ملک کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے خود کو ایک اچھا کپتان ثابت کیا ہے اور بورڈ کی پالیسی ہے کہ کپتان کا تقرر ایک ایک سال کے لیے کیا جائے تاکہ کارکردگی میں تسلسل رہے۔ پاکستان کی ٹیم بھارت میں سیریز کھیل رہی ہے اس اہم سیریز کے دوران شعیب ملک کی مدت کپتانی بڑھانے کے اعلان کی وجہ پی سی بی کے چیرمین نے یہ بتائی کہ اس سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو بے یقینی والی کوئی بات نہیں لیکن اس اعلان سے ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک کی بھر پور حمایت کر رہے ہیں اور سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے سبب پاکستان میں ہونے والے غیر ملکی کرکٹ ٹورنامنٹوں کے شیڈول پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ملک میں لگنے والی ایمرجنسی کے سبب اسی ماہ لاہور میں ہونے والا خواتین کے کرکٹ عالمی کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ ملتوی کر دیا گیا تھا اور اس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ شریک ممالک نے اپنی ٹیمیں بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اس ٹورنامنٹ کو یہاں سے منتقل نہیں کیا صرف ملتوی کیا ہے اور اب جبکہ صدر جنرل پرویز مشرف نے پندرہ فروری تک ملک میں الیکشن کروانے کا بھی اعلان کر دیا ہے جن کے بعد ایمرجنسی ختم ہو جائے گی تو ٹیموں کے آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسے بھی پاکستان کھیلوں کے انعقاد کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور مارچ میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اور ستمبر میں چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ شیڈیول کے مطابق ہوں گے۔ چئرمین پی سی بی نے بتایا کہ فاسٹ بالر محمد آصف کو معائنے کے لیے آسٹریلیا بھیجا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بالرز کو چاہیے کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ نہ کھیلیں کیونکہ اس کے دوران انہیں انجریز ہوتیں ہیں آصف کی موجودہ انجری بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کھلاڑیوں کو کافی اچھا معاوضہ دیتا ہے اور سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہے کہ کھلاڑی بورڈ کی اجازت کے بغیر کہیں نہیں کھیل سکتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورنگ بورڈ نے اپنے پہلے اجلاس میں پہلے سے کام کرتے ہوئے بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی اور چیف فنانس آفیسر حسن احمد کے عہدوں کی توثیق کی اور چئرمین پی سی بی کو اعتماد کا ووٹ دیا۔ گورنگ بورڈ نے پی سی بی کے بجٹ کی بھی منظوری دی اور اس کے علاوہ اجلاس میں آٹھ کمیٹیوں کی تشکیل بھی کی گئی۔گورنگ باڈی کا اگلا اجلاس نو جنوری کوکراچی میں ہو گا۔ | اسی بارے میں شعیب ملک ایک فائٹر ہے: وسیم 14 May, 2007 | کھیل شعیب ملک کو کپتان بنا دیا گیا19 April, 2007 | کھیل شعیب ملک کی صلاحیت کا امتحان19 April, 2007 | کھیل کپتانی: شعیب ملک قابلِ قبول؟18 April, 2007 | کھیل کیپ ٹاؤن: شعیب ملک کا آپریشن 22 April, 2006 | کھیل شعیب ملک کی سنچری، میچ ڈرا30 March, 2006 | کھیل شعیب ملک کے والد انتقال کرگئے25 January, 2006 | کھیل شعیب ملک کو واپس بلا لیا گیا24 January, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||