چمپئنز ٹرافی پاکستان سے منتقل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اس سال دسمبر میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کو پاکستان سے منتقل کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اس میگا ایونٹ میں شرکت سے محروم ہونے کا بھی امکان ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے نئے میزبان کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اس ٹورنامنٹ کو دسمبر ہی میں کروانا چاہتی ہے اور اس کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے بھارت اور ملائشیا آگے آگے ہیں۔ یہ دونوں ملک ویسے تو چمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی نہیں کرتے لیکن میزبانی ملنے پر ان کی شمولیت یقینی ہے اور اس صورت میں پاکستان کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہو جائے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس متوقع فیصلے کو افسوسناک قرار دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری سابق اولمپئن خالد محمود کا کہنا ہے اگرچہ انہیں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے اس فیصلے کی توقع تھی لیکن اس اعلان سے انہیں بہت مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ غیر منطقی اور غیر منصفانہ ہے۔ خالد محمود کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو فیصلہ کرنے سے پہلے اعتماد میں لینے کی کوشش بھی نہیں کی جو کہ ایک غلط رویہ ہے۔ اس وقت آسٹریلیا کی اے کرکٹ ٹیم پاکستان میں کھیل رہی ہے، انہیں سکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں تو ہاکی ٹیم کو کیا فکر لاحق ہے۔ انہوں نے اسے آسٹریلین ہاکی فیڈریشن کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے ناصرف خود پاکستان آنے سے انکار کیا بلکہ دیگر ممالک کی رائے کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی۔ خالد محمود نے بھارت اور ملائشیا کے رویے پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اپنے ملک چمپئنز ٹرافی منتقل کرانے میں ان ممالک کا بھی ہاتھ ہے کیونکہ یہ اس کی میزبانی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ خالد محمود کے مطابق میگا ایونٹ کی پاکستان سے منتقلی پر ہونے والے مالی نقصان کا کوئی اندازہ تو انہوں نے نہیں لگایا لیکن اتنا ضرور ہے کہ اس سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کافی مالی نقصان بھی ہوگا۔ خالد محمود نے کہا کہ پی ایچ ایف انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے اس فیصلے پر بھرپور احتجاج کرے گی۔ | اسی بارے میں ہاکی میں ٹیلنٹ کی تلاش14 August, 2007 | کھیل ’ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی‘16 August, 2007 | کھیل ایشیا کپ: ہند اور پاک فاتح03 September, 2007 | کھیل انڈیا ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں04 September, 2007 | کھیل فائنل کی دوڑ سے پاکستان تقریباً باہر05 September, 2007 | کھیل انڈیا نے ہاکی کا ایشیا کپ جیت لیا10 September, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||