عبدالرزاق احتجاجاً ریٹائر ہوگئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ ستائیس سالہ عبدالرزاق نے یہ اعلان پیر کے روز لندن میں کیا جہاں وہ انگلش کاؤنٹی ووسٹرشائر کی طرف سے کھیلنے کے لیے موجود ہیں۔ واضح رہے کہ عبدالرزاق اور محمد یوسف کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط بھی نہیں کئے ہیں۔ عبدالرزاق نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی انٹرویو میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ڈراپ کئے جانے کے فیصلے پر سلیکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ 46 ٹیسٹ اور231 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ رویہ انتہائی نامناسب ہے اور انہوں نے دلبرداشتہ ہوکر بطور احتجاج انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالرزاق نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان فٹ ہونے کے سبب ورلڈ کپ نہیں کھیلے اور دو ماہ بستر پر پڑے رہے لیکن بورڈ نے نہیں پوچھا جسے وہ برداشت کرگئے۔ عبدالرزاق کے مطابق انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کی باتیں سننے میں آئیں جس پر انہیں افسوس تھا لیکن جب انہیں ڈراپ کر دیا گیا تو ایک ٹی وی چینل پر آ کر انہوں نے اپنے جذبات بیان کیے لیکن اس وقت بھی کسی نے ان سے رابطہ کرنے کی زحمت نہیں کی یہی وجہ ہے کہ دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالرزاق نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں ڈراپ کرسکتا ہے لگتا ہے کہ اسے ان کی اب ضرورت نہیں رہی۔ عبدالرزاق نے کہا کہ جن کرکٹرز کو سینئر کہا جاتا ہے انہی کے ساتھ اس طرح کا سلوک قطعاً مناسب نہیں ہے اور یہ کرکٹرز اس سلوک کے مستحق نہیں۔ عبدالرزاق یہ ماننے کے لیے تیار نہیں کہ ان کا کھیل زوال پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی کے پریکٹس سیشن میں انہوں نے بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ کی ہے اور ہر کوئی ان سے مطمئن دکھائی دیتا تھا۔ | اسی بارے میں یوسف کنٹریکٹ پر آمادہ پر عبدالرزاق؟10 August, 2007 | کھیل یوسف، عبدالرزاق ٹیم سے باہر07 August, 2007 | کھیل ’یوسف کا متبادل یوسف ہی ہے‘08 August, 2007 | کھیل محمد یوسف کیمپ سے چلے گئے01 August, 2007 | کھیل ’انضمام کو کیمپ میں بلائیں گے‘23 July, 2007 | کھیل انڈین لیگ کھیلیں: سابق کرکٹرز03 August, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||