آج کا میچ، بنگلہ دیش بمقابلہ آئرلینڈ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی کرکٹ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کا ایک دلچسپ میچ اتوار کے روز باربیڈوس میں بنگلہ دیش اور آئیر لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ اس میچ میں عالمی کپ میں آٹھویں پوزیشن کا بھی فیصلہ ہوجائے گا۔ عالمی کپ کے آغاز میں ہی بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت اور آئیرلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست اور پھر اخراج کے بعد سے دونوں ٹیموں سے بہت توقعات وابستہ کی گئی تھیں۔ لیکن اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں مزید آگے نہیں بڑھ سکیں۔ سپر ایٹ مرحلے میں دونوں ٹیمیں اب تک چار چار میچ کھیل چکی ہیں جن میں سے آئیرلینڈ نے کوئی میچ نہیں جیتا جبکہ بنگلہ دیش نے مبصرین کی توقعات کو کسی حد تک پورا کرتے ہوئے گیانا میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ایک اور بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ اتوار کے بعد بنگلہ دیش کو اپنا آخری میچ میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف جبکہ آئیرلینڈ کو آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے۔ آئیرلینڈ انگلستان کےخلاف میچ میں اچھی کارکردگی اور بہت اچھی فیلڈنگ کے باوجود کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ فی الوقت سپر ایٹ راؤنڈ میں ایک میچ جیت کر بنگلہ دیش دو پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے جبکہ آئیرلینڈ نے کوئی میچ نہیں جیتا اور وہ آٹھویں نمبر پر ہے۔ اتوار کے اس میچ کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ ممکنہ طور پر یہ عالمی کپ کا ایسا پہلا میچ بھی ہوسکتا ہے جس میں اسٹیڈیم پورا بھر جائے گو اس کا سبب بنگلہ دیش اور آئیرلینڈ کے درمیان مقابلہ نہیں ہوگا۔ عالمی کپ کے آغاز سے پہلے توقع یہ تھی کہ پاکستان اور بھارت دونوں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ جائیں گے اور اتوار کا یہ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی کے پیش نظر بہت سے ایشیائی شائقین نے اس میچ کے ٹکٹ بہت پہلے سے خرید کر رکھ لیے تھے۔ منتظمین کے مطابق اس میچ کے تمام ٹکٹ کافی پہلے ہی فروخت ہوگئے تھے۔ تاہم ابتدائی مرحلے میں ہی بھارت اور پاکستان کے اخراج کے بعد یہ شائقین بھی خاصے مخمصے میں پڑ گئے ہیں۔ اس متوقع پاک بھارت میچ کے لیے دنیا کے مختلف حصوں خصوصاً امریکہ اور کینیڈا سے دونوں ٹیموں کے ہزاروں شائقین نے بھی باربیڈوس آنے کے لیے ہوائی جہازوں کے ٹکٹ اور رہائش کی بکنگ کرائی ہوئی تھی۔ گو ایسے بہت سے شائقین نے دونوں ملکوں کے اخراج کے بعد اپنے ارادے تبدیل کردیے تھے لیکن پھر بھی امریکہ اور کینیڈا سے شائقین کی اچھی خاصی تعداد پہلےسےادا شدہ رقوم استعمال کرنےباربیڈوس پہنچی ہوئی ہے۔ جمعہ کے روز آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ میں کچھ ایشیائی شائقین اتوار کے میچ کے اپنے ٹکٹ تیس سے پچاس فیصد کم قیمت پر بھی بیچنے کی کوشش کرتے رہے لیکن لوگوں کی عدم دلچسپی کے باعث انہیں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔ | اسی بارے میں پاکستان ورلڈ کپ سے باہر17 March, 2007 | کھیل بنگلہ دیش کی تاریخی فتح 07 April, 2007 | کھیل بنگلہ دیش کی جیت پر جشن08 April, 2007 | کھیل باربیڈوس میں بڑا مقابلہ10 April, 2007 | کھیل دلچسپ میچ، انگلینڈ جیت گیا11 April, 2007 | کھیل جنوبی افریقہ نے آئر لینڈ کو ہرا دیا03 April, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||