’تاحال کوئی شک سے خارج نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے آنجہانی کوچ باب وولمر کے قتل کی تحقیقات کرنے والی جمیکن پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال کسی فرد کو بھی شک کے دائرے سے باہر تصور نہیں کیا جا سکتا۔ جمیکا کے ڈپٹی پولیس کمشنر مارک شیلڈز کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی ٹیم کو کسی سفارتی تنازعے سے بچنے کے لیے واپس جانے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر پاکستانی کھلاڑیوں یا آفیشلز کو واپس بلایا جا سکے۔ پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر پی جے میر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے دو کھلاڑی یونس خان اور محمد یوسف پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ بقیہ کھلاڑی اس وقت لندن میں ہیں اور جلد ہی وہاں سے پاکستان روانہ ہوں گے۔ تاہم مارک شیلڈز نے ایک برطانوی اخبار سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہےکہ فی الحال اس تفتیش میں کسی مرکزی ملزم کا تعین بھی نہیں کیا جا سکا ہے۔ مارک شیلڈز کا کہنا ہے ’اس موقع پر ہر کوئی گواہ ہے اور ہمیں کسی پر بھی واضح شک نہیں ہے‘۔ جمیکا کی پولیس پیگاسس ہوٹل سے ملنے والی کلوز سرکٹ ٹی وی فوٹیج کا معائنہ بھی کر رہی ہے اور مارک شیلڈز کے مطابق انہیں امید ہے کہ اس فوٹیج سے اس فرد یا افراد کی شناخت ہو جائے گی جس نے باب وولمر کا گلا گھونٹا۔ انہوں نے کہا کہ کلوز سرکٹ کیمرے بارہویں منزل کی راہداری کے کونوں پر نصب ہیں اور اگرچہ ان سے وولمر کا کمرہ نہیں دیکھا جا سکتا تاہم راہداری میں داخل ہونے یا باہر جانے والے افراد کی شناخت ممکن ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیا مینجر نے اس بات کی تردید کی تھی کہ باب وولمر کے قتل سے پہلے پاکستانی کھلاڑیوں اور باب وولمر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ ٹیم کے ترجمان پرویز جمیل میر نے کہا کہ سترہ تاریخ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی غیر متوقع شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا بلکہ خاموشی تھی۔ سنیچر کے روز لندن روانگی سے قبل ٹیم مینیجر طلعت علی، نائب کوچ مشتاق احمد اور کپتان انضمام الحق سے پولیس نے دوبارہ گفتگو کی تھی تاہم مارک شیلڈز نے اس بارے میں کہا تھا کہ ان تینوں سے اضافی سوال و جواب محض ایک معمول کی بات تھی۔ |
اسی بارے میں وولمر’قتل‘:ورلڈ کپ پسِ منظر میں 26 March, 2007 | کھیل وولمر تحقیقات، پولیس پر دباؤ25 March, 2007 | کھیل پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی25 March, 2007 | کھیل ’میچ فِکسنگ مستقل ہوتی ہے‘25 March, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||