تاریخ ساز میچ، جنوبی افریقہ فاتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جوہانسبرگ میں ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز دو کے مقابلے میں تین میچوں سے جیت لی ہے۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے اس میچ میں متعدد نئے ریکارڈ بنے۔ اس میچ کے دوران پہلی مرتبہ کسی ون ڈے میں چار سو رن بنے جبکہ اس میچ میں مجموعی طور پر آٹھ سو بہتر رن بنے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے چار سو پینتیس رن کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے چار سو اڑتیس رن ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔ آسٹریلیا کے 434 اور جنوبی افریقہ کے 438 دونوں ٹیموں کے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے سکور ہیں جبکہ آسٹریلوی بالر ایم لوئیس نے اس میچ میں اپنے مقررہ دس اوور میں ایک سو تیرہ رن دیے جو کہ ایک روزہ کرکٹ میں مہنگی ترین بالنگ کا نیا ریکارڈ ہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہرشل گبز نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف ایک سو گیارہ گیندوں پر اکیس چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ایک سو پچھہتر رن بنائے۔ گبز کے علاوہ جنوبی افریقہ کی طرف سے باؤچر نے پچاس اور وینڈر واتھ نے اٹھارہ گیندوں پر پینتیس رن سکور کیے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں صرف چار وکٹ کے نقصان پر 434 رن بنائے اور جنوبی افریقہ کو فتح کے لیئے ورلڈ ریکارڈ ہدف فراہم کیا۔ آسٹریلوی اننگز کی خاص بات کپتان رکی پونٹنگ کی شاندار بلے بازی تھی۔پونٹنگ نے پہلے اپنے کیرئر کی بیسویں سنچری صرف 71 گیندوں پر مکمل کی اور اس کے بعد اپنے کیرئر کا بہترین سکور 167 رن صرف 105 گیندوں میں بنایا۔ پونٹنگ کی سنچری ان کے ون ڈے کیرئیر کی تیزترین سنچری تھی اور اس میں بارہ چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔
دیگر آسٹریلوی بلے بازوں میں مائیکل ہسی نےدھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 81 رن بنائے جبکہ ایڈم گلکرسٹ چوالیس اور سائمن کیٹچ اناسی رن کے ساتھ نمایاں رہے۔ کیٹچ اور پونٹنگ کی شراکت میں ایک سو بیس اور پونٹنگ اور ہسی کی شراکت میں صرف چھیانوے گیندوں پر ایک سو اٹھاون رن بنے۔ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ژاک کیلس کے چھ اووروں میں آسٹریلوی بلے بازوں نے 70 رن بنائے۔ | اسی بارے میں آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ پر فتح05 March, 2006 | کھیل آسٹریلیا نے وی بی سیریز جیت لی14 February, 2006 | کھیل آسٹریلیا پہلا فائنل ہار گیا10 February, 2006 | کھیل آسٹریلیا: شکست کا سلسلہ طویل19 June, 2005 | کھیل آسٹریلیا بنگلہ دیش جائے گا08 June, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||