مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 | | | پاکستانی بیٹسمینوں نے مرلی دھرن کو کھیلنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے: انضمام الحق |
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو مرلی دھرن سے کوئی خوف نہیں اور پاکستان کے بیٹسمینوں نے اس کو کھیلنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی پر اعتماد ہیں اور ویسے بھی ہمارے بیٹس مین سپن بالنگ کو کھیلنے کے ماہر ہیں۔ انضمام نے یہ بات چیت قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے تین دن کے کیمپ کے اختتام پر کی۔ انضمام نے سری لنکا کہ دورے کو کافی اہم قراردیا اور کہا کہ یہ درست ہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کے حالات کافی مختلف ہیں لیکن کسی بھی سیریز میں فتح اگلی سیریز کے لیے کافی اہم ہوتی ہے جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم بھارت سے ون ڈی سیریز کو فراموش کر کے ایک نئے عزم سے سری لنکا کے خلاف میدان میں اتر رہی ہے۔ سری لنکا کے خلاف پاکستان کے سکواڈ کی بابت انضمام نے کہا کہ ٹیم کافی متوازن ہے۔ سکواڈ میں شامل دو نئے آف سپن بالرز کی بابت انصمام نے کہا کہ سری لنکا میں زیادہ تر ایسی وکٹیں ہوتی ہیں جو سپن بالرز کے لیے ساز گار ہوتی ہیں اس لیے انہیں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی کارکدگی دکھائی ہے اور یہ ان کے لیے اچھا موقع ہے کہ خود کو ثابت کریں اور اس دورے سے زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کریں ۔ انضمام نے خاص طور پر دانش کنیریا کی اس سیریز میں اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سری لنکا کی سپن وکٹوں پر دانش قلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ یہ ٹیم ون ڈے کے لیے ہے لیکن ٹیسٹ سیریز کے لیے ایک دو تبدیلیوں سے زیادہ کا امکان نہیں۔ سری لنکا کے خلاف سپر سب کا قانون نہ ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انضمام نے کہا کہ یہ ایک غیر ضروری رول تھا جس سے نہ تو کرکٹ کو زیادہ پر جوش بنایا اور نہ اس سے کوئی فائدہ حاصل ہوا۔ سری لنکا کے دورے کے لیے تین دن کے کیمپ کے بارے میں انضمام نے کہا کہ اس مختصر کیمپ میں کوئی بہت زیادہ خامیوں پر تو کام نہیں ہو سکتا لیکن فیلڈنگ پریکٹس پر توجہ دی گئی۔ اس کیمپ کے دوران بالنگ کوچ وقار یونس سے حاصل ہونے والے فائدے کی بابت انضمام نے کہا کہ وقار کوچ ہیں جادو گر نہیں۔ انضمام نے کہا کہ وقار بہت بڑے بالر ہیں اور ان سے ٹیم کو فائدہ ملے گا لیکن اس کے لیے کچھ وقت لگے گا۔ صوبۂ پنجاب میں پتنگ بازی پر لگنے والی پابندی کی بابت انضمام نے کہا کہ یہ اچھا اقدام ہے لیکن یہ پابندی ہمیشہ کے لیے لگنی چاھیے کیونکہ انسانی جان سب سے قیمتی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ ویسے بھی پتنگ بازی کی ہمارے مزہب میں بھی اجازت نہیں۔ انضمام نے بتایا کہ زلزلہ زدگان کے لیے ہم نے ایک الگ اکاؤنٹ کھلوایا ہوا ہے جس میں پوری ٹیم کی فیس کا پانچ فیصد جمع ہورہا ہے جب بھی ہمیں وقت ملا ہم اس پیسے کو زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے کسی بہتر انداز میں استعمال کریں گے۔ | |  |