انضمام: سیریز بچانےکی کوشش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں جمعرات کو ملتان میں مدمقابل ہورہی ہیں لیکن انضمام الحق کو اپنے ہی گھر میں مشکل صورت حال کا سامنا ہے اور وہ اس وقت سیریز بچانے کی تگ ودو میں ہیں۔ پاکستانی ٹیم پشاور میں پہلا ون ڈے جیتنے کے بعد پنڈی اور لاہور کے میچز ہارچکی ہے۔ ملتان میں ناکامی میزبان ٹیم کی سیریز میں شکست پر مہرتصدیق ثبت کردے گی۔ پاکستانی ٹیم اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل میں بری طرح گھری ہوئی ہے۔ شعیب اختر اور شاہد آفریدی کے بعد اب عمر گل بھی ان فٹ ہوگئے ہیں۔ ان کی کمر میں تکلیف ہے اور ان کے متبادل کے طور پر راؤ افتخار کو طلب کرلیا گیا ہے۔ 25 سالہ راؤ افتخار نے بارہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں لیکن آٹھ وکٹوں کی کارکردگی کو کسی طور متاثرکن نہیں کہا جاسکتا۔ کپتان انضمام الحق اپنی ٹیم کی کارکردگی کو برا نہیں سمجھتے ان کا کہنا ہے کہ ٹیم خراب نہیں کھیلی البتہ حریف ٹیم زیادہ اچھا کھیلی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے ایک سال قبل بھارت کے دورے میں پہلے دو ون ڈے ہارنے کے بعد سیریز چار دو سے جیتی تھی۔ انضمام الحق کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اسی طرح کی کارکردگی دوہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے لیکن اس کے لیے کھلاڑیوں کو غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انضمام الحق کھلاڑیوں کی فٹنس پر فکر مند ضرور ہیں لیکن ان کا کہنا ہے اس معاملے پر کسی کا بس نہیں اور اس صورت حال میں دوسرے کھلاڑیوں کو بھی کھیلنے کے مواقع ملتے ہیں۔ پاکستانی کپتان کو توقع ہے کہ رانا نویدالحسن جلد فارم میں آ کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ایسا ہر کھلاڑی کے ساتھ ہوتا ہے وہ ٹیم کےلیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔ موجودہ سیریز کے تین میچوں میں رانا نوید الحسن 194 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرسکے ہیں یہ چاروں وکٹیں انہیں پشاور کے پہلے میچ میں ملی تھیں۔ انضمام الحق کے خیال میں وکٹ اچھی ہے لیکن ٹاس کی زیادہ اہمیت نہیں ہوگی۔
بھارتی کپتان راہول ڈراوڈ کا کہنا ہے ایک دن کی اچھی کرکٹ انہیں سیریز جتواسکتی ہے لیکن پاکستانی ٹیم کو کسی طرح نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ بھارتی کپتان کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اپنی بیٹنگ کی عمدہ کارکردگی کے سبب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا سکور کرنے اور بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف عبور کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ راہول کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں بیٹنگ کا موقع ہر بلے باز کو دیا جاتا ہے تاکہ اس میں اعتماد آئے۔ ٹاس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ اگر بادل ہوئے تو ٹاس جیتنے کا فائدہ ہوگا۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ تیسرا جبکہ فلڈ لائٹس کی تنصیب کے بعد یہ پہلا ڈے اینڈنائٹ میچ ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچز پاکستان نے جیتے ہیں۔ | اسی بارے میں مزید 100 رنز کے بعد ڈکلئر: انضمام 01 February, 2006 | کھیل وریندر سہواگ سے خطرہ ہے : انضمام 04 February, 2006 | کھیل انضمام الحق آؤٹ ہونے پر حیران06 February, 2006 | کھیل ’انضمام کے خلاف اپیل ٹھیک تھی‘09 February, 2006 | کھیل ’انضمام کےفیصلے سے حیران ہوں‘11 February, 2006 | کھیل ہسپتال کا قیام، انضمام کا خواب 12 February, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||