بھارت اور پاکستان اے کا میچ برابر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور کے باغِ جناح میں پاکستان اے اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے سہ روزہ میچ ڈرا ہو گیا ہے۔ جب میچ ختم ہوا تو بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں بنا کسی نقصان کے 72 رن بنائے تھے اور بھارتی اوپنر وسیم جعفر 35 اور گوتم گمبھیر 28 رن پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل پاکستان اے نے 358 رن نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ پاکستان اے کے آؤٹ ہونے والے آخری یاسر عرفات تھے جو ردرا پرتاپ سنگھ کی گیند پر کیچ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے تین ، اجیت اگرکر اور آر پی سنگھ نے دو ، دو جبکہ ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ تیسرے دن پاکستان اے نے 212 رن، چار کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا۔ تاہم بھارتی بولروں نے جلد ہی پاکستان اے کی مزید دو وکٹیں حاصل کر لیں۔ مجموعی سکور میں صرف چودہ رن کے اضافے کے بعد پاکستان کی پانچویں وکٹ گری۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عاصم کمال تھے جو اپنے گزشتہ دن کے سکور میں دس رن کا اضافہ کرنے کے بعد 14 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں آر پی سنگھ کی گیند پر مہندر دھونی نے کیچ کیا۔
عاصم کے آؤٹ ہونے کے بعد منصور امجد میدان میں آئے مگر دس گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے ظہیر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ جب چھٹی وکٹ گری تو پاکستان اے کا مجموعی سکور 227 رن تھا۔ یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان اے کے بلے بازوں پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا تاہم وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر اور فیصل اقبال نے محتاط انداز سے بلے بازی کی اور بھارتی بولروں کو کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ حاصل نہیں کرنے دی۔ لنچ کے بعد وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر 35 رن بنا کر عرفان پٹھان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ جب پاکستان کا سکور 337 پر پہچنا تو فیصل اقبال اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 87 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں اگرکر نے آؤٹ کیا۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹ کے نقصان پر چار سو چودہ رن بنائے تھے اور اس کے ابتدائی چھ بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں تھیں۔ پاکستان اے: عمران فرحت، فیصل اقبال، محمد وسیم، حسن رضا، بازید خان، عاصم کمال، ذوالقرنین حیدر، محمد ارشاد، راؤ افتخار، منصور امجد، عمر گل، یاسر عرفات بھارت: گوتم گمبھیر، وسیم جعفر، راہول ڈراوڈ، سچن تندولکر، وی وی ایس لکشمن، یوراج سنگھ، مہندر دھونی، عرفان پٹھان، اجیت اگرکر، ہربھجن سنگھ، ظہیر خان، ردرا پرتاپ سنگھ | اسی بارے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||