انگلینڈ آخری میچ جیت گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پاک انگلینڈ سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو6 رن سے ہرا دیا ہے۔ پاکستانی ٹیم مقررہ پچاس اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے ارشد خان 12 اور رانا نوید 2 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر حمید اور محمد یوسف نے پراعتماد انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ یاسر حمید کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ وہ ستاون رن بنا کر شان یوڈل کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے جبکہ یوسف کو چوّن کے انفرادی سکور پر این بلیک ویل نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان بٹ اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا مگر سلمان بٹ چوتھے اوور میں سٹیوہارمیسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کامران اکمل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور جیمز اینڈرسن کی ایک باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں کیچ ہوگئے۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوور میں دو سو چھ رن بنائے جبکہ اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیئم پلنکٹ بارہ گیندوں پر چوبیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں وکرم سولنکی 49 اور اینڈریوفلنٹوف 39 رن کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے رانا نوید الحسن اور محمد آصف نے دو، دو جبکہ عبدالرزاق، شاہد آفریدی اور ارشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ایک مرتبہ پھر کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی۔ انگلینڈ کے کپتان ٹریسکوتھک نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم انگلش بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور دوسرے ہی اوور میں پاکستان کی طرف سے پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے محمد آصف نے انگلینڈ کے ٹریسکوتھک کو بولڈ کر دیا۔ انگلینڈ کا مجموعی سکور جب ا کیس پرپہنچا تو میتھیو پرائر محمد آصف کی بال پر اونچی شاٹ کھیلتے ہوئے سکوائر لیگ پر کیچ ہوگئے۔
دو وکٹیں جلد گرجانے کے بعد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے دفاعی انداز اختیار کرتے ہوئے بڑے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم کی یہ حکمت عملی بھی کارگر ثابت نہیں ہوئی اور باون کے سکور پر وکٹ کیپر کامران اکمل نے ارشد خان کی ایک گیند پر اینڈریو سٹراس کو سٹمپ آؤٹ کر دیا۔ اینڈریو سٹراس کے آؤٹ ہوجانے کے بعد فلنٹاف اور وکرم سولنکی کے درمیان 65 رن کی پارٹنرشپ ہوئی اور انگلینڈ کی ٹیم نے انتیس اعشاریہ تین اوور میں اپنے سو رن مکمل کیے۔ مجموعی سکور جب 117 رن پر پہنچا تو وکرم سولنکی شاہد آفریدی کی ایک گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر بہتر فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا تاہم اینڈریو فلنٹوف کو دو چانس ملے۔ فلنٹوف کا انفرادی سکور جب نو رن تھا تو ارشد خان نے اپنی ہی گیند پر ان کا ایک کیچ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد جب ان کا سکور تیئس رن تھا تو ارشد ہی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل نے ان کو اسٹمپ کرنے کا ایک موقع ضائع کیا۔
رانا نوید الحسن نے چوالیسویں اوور کی آخری دو گیندوں پر پہلے فلنٹوف اور پھر بلیک ویل کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کی بڑا سکور کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آخری اوورز میں انگلینڈ کے دو کھلاڑی تیز رفتاری سےسکور کرنے کی کوشش میں رن آوٹ ہوئے تاہم اننگز کے آخری اوور میں لیئم پلنکٹ نے بارہ گیندوں پر چوبیس رن بنا کر انگلینڈ کے سکور کو206 پر پہنچا دیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور ان فٹ کھلاڑی کبیر علی کی جگہ شان یوڈل کو کھیلنے کا موقع دیا جبکہ پاکستان نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں۔ پاکستان کے کپتان انضمام الحق کی جگہ یاسر حمید، شعیب اختر کی جگہ محمد آصف اور محمد سمیع کی جگہ ارشد خان کو کھلایا جا رہا ہے۔ انضمام الحق کی غیر موجودگی میں پاکستانی ٹیم کی باگ ڈور یونس خان کے ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کو ون ڈے سیریز میں ایک کے مقابلے میں تین میچوں کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستان: سلمان بٹ، کامران اکمل، یونس خان (کپتان)، محمد یوسف، یاسر حمید، شاہد آفریدی، شعیب ملک، عبدالرزاق، رانا نوید الحسن، محمد آصف اور ارشد خان اور دانش کنیریا(سپر سب)۔ انگلینڈ: مارکس ٹریسکوتھک (کپتان)، میتھیو پرائر، اینڈریو سٹراس، وکرم سولنکی، اینڈریو فلنٹاف، کولنگ ووڈ، گیرانٹ جونز، بلیک ویل، لیام پلنکٹ، شان یوڈال، سٹیو ہارمیسن اور جیمز اینڈرسن (سپر سب)۔ | اسی بارے میں سنسنی خیز میچ، پاکستان کی فتح19 December, 2005 | کھیل کراچی: پاکستان کی شاندار جیت15 December, 2005 | کھیل ’اب بھی جیت سکتے ہیں: پال کولنگوڈ16 December, 2005 | کھیل ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت ہے: وان17 December, 2005 | کھیل ابھی سیریز جیتی نہیں ہے: انضمام15 December, 2005 | کھیل چوتھا میچ بہت اہم ہے: انضمام 18 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||