 | | | مائیکل وان کے متبادل کپتان ٹریسکوتھک آؤٹ ہو کر جاتے ہوئے |
انگلینڈ کے کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ انگلینڈ پندرہ مہینے کے بعد ویسٹ انڈیز میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ جیت سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ مشکل ہے۔ ’میرے خیال میں ویسٹ انڈیز میں ایسے حالات نہیں ہوں گے‘۔ اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ ’اگر ہمیں عالمی کپ جیتنا ہے تو ہمیں اپنی ون ڈے گیم بہتر بنانا ہو گی‘۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کئی دلچسپ کھلاڑی ہیں جو ہمیں یہ موقع فراہم کرسکتے ہیں۔ وان گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے واپس برطانیہ آ چکے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں گزشتہ جمعرات انگلینڈ نے کراچی میں ہونے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں ریکارڈ 165 رنز سے شکست کھائی تھی۔ اس سے پہلے صرف ایک مرتبہ انگلینڈ اتنے بڑے سکور سے ہارا ہے۔ انہوں نے کہا ’یہ وہ حصہ ہے جس میں ہمیں بہتری لانا ہے۔ ہم کافی عرصے سے بیرون ملک کوئی ٹورنامنٹ نہیں جیتے‘۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی ٹرافی کے فائنل تک تو پہنچ گئے تھے۔ موسمِ سرما میں انگلینڈ نے اپنے ملک آسٹریلیا کو ہرا کر ایشز سیریز جیت لی تھی۔ |