انضمام الحق ورلڈ الیون میں شامل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کو آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف سپرسیریز کھیلنے والی ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں عالمی الیون میں شامل کرلیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے یہ فیصلہ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے ان فٹ ہونے کے سبب سپرسیریز سے دستبردار ہونے کے بعد کیا ہے۔ آئی سی سی کے مینیجر کرکٹ آپریشنز ڈیورچرڈسن نے بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز سلیم الطاف کو فون پر انضمام الحق کو ورلڈ ا لیون میں شامل کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔ سلیم الطاف کے مطابق ورلڈ الیون میں انضمام الحق کی شمولیت اعزاز ہے۔ انضمام الحق کو سنیل گاوسکر کی سربراہی میں قائم سلیکشن پینل نے ورلڈ الیون کا اعلان کرتے وقت اس میں شامل نہیں کیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت مایوسی ظاہر کی تھی اور کراچی میں انضمام الحق کے پرستاروں نے بھی مظاہرہ کرکے جذبات کا اظہار کیا تھا ۔ انضمام الحق طویل سفر سے گریز کرتے ہوئے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹیسٹ کپتانوں کے اجلاس اور آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں۔ سپرسیریز کھیلنے والی ورلڈ الیون میں انضمام الحق کے علاوہ پاکستان کے شعیب اختر اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔ شعیب اختر اور انضمام الحق ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں سکواڈ میں شامل ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||