ورلڈ الیون سے پہلے پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے لیے انضمام الحق کی ورلڈ الیون میں شمولیت سے زیادہ ان کا انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل فٹ رہنا زیادہ ضروری ہے۔ کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کو ورلڈ الیون میں منتخب ہونے کی صورت میں آسٹریلیا کے لیے طویل فلائٹ نہ لینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی سپر سیریز کے لیے ورلڈ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے تھے لیکن سچن ٹنڈولکر اور ہرشل گبز کے ان فٹ ہوجانے کے بعد یہ امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ انضمام الحق عالمی الیون میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انضمام الحق کو آئندہ ماہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ کپتانوں کے اجلاس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی فٹنس کے سلسلے میں کوئی خطرہ مول لینےکے لیے تیار نہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پہلے نظرانداز کیے جانے کے بعد اگر اب انضمام ا لحق کو ورلڈ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ انضمام الحق نے کرنا ہے تاہم انہوں نے انضمام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کمر کی پرانی تکلیف سے بچنے کے لیے طویل فلائٹ سے گریز کریں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ اکیڈمی کے لئے غیرملکی کوچ پر غور کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے لیکن یہ اس وقت ہوگا جب کوئی ملکی کوچ بورڈ کے مقرر کردہ پیمانے پر پورا نہیں اترے گا۔ بورڈ نے موجودہ سلیکٹرز کی جگہ کل وقتی تنخواہ دار سلیکٹرز کی تقرری کا فیصلہ پہلے ہی کرچکا ہے جس پر جلد عملدرآمد متوقع ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ کے ایشز جیتنے کے بعد پاکستان کے خلاف اس کی سیریز کے لیے اسپانسرز نے زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔ شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اسپورٹس ٹی وی چینل کے قیام کی کوششیں تیز کردی ہیں کیونکہ پی ٹی وی نے اپنے محددد وسائل کے سبب پاکستانی ٹیم کی بڑے پیمانے پر مصروفیات کی کوریج سے معذرت کرلی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||