BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 04 June, 2005, 14:40 GMT 19:40 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دوسرا دن: ویسٹ انڈیز275/4

 یونس خان
ویسٹ انڈیز نے جمیئکا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر چار وکٹوں پر دو سو پچھتر رنز بنائے ہیں۔

اپنی تیسویں سینچری مکمل کرنے والے ویسٹ انڈیز کے مایہ بیٹسمین ابھی تک 125 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی چندرپال تھے جو اٹھائیس رنز بنا کر دانش کنیریا کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اس سے پہلے پی آر ساراوان 55 رن بنا کر شبیر احمد کی گیند دانش کنیریا کے ہاتھوں کیچ ہو کر آؤٹ ہو گئے تھے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمیئکا کے شہر کنگسٹن کے سبائنا پارک میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان صرف اپنے گزشتہ روز کے ٹوٹل میں 38 رنز کا اضافہ کر سکا اور ساری کی ساری ٹیم 374 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی۔

اس کے برعکس جب ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز شروع کی تو اوپنرز نے آتے ہی پاکستانی بولروں کی پٹائی شروع کر دی اور پہلے چھ اوورز میں ہی سکور بورڈ پر چالیس سے زیادہ رنز بن چکے تھے۔ رانا نوید اور شبیر احمد دونوں کو ہی کرس گیل اور سمتھ نے پیٹنا شروع کر دیا اور چوکے پر چوکے لگائے۔ رانا نوید نے چار اوورز میں 36 رنز دیے جبکہ شبیر احمد نے چار اوورز میں 21 رنز دیے ہیں۔ دانش کنیریا کو 16 اوورز میں 50 رنز پڑ چکے ہیں جن میں لارا کے دو انتہائی شاندار چھکے بھی شامل ہیں۔

پاکستان کو پہلی کامیابی میچ کے ساتویں اوور میں ملی جب عبدالر‏زاق نے گیل کو آؤٹ کر دیا۔ گیل نے 33 رنز بنائے اور ان کا کیچ وکٹ کیپر کامران اکمل نے لیا۔ لنچ کے وقفےپر ویسٹ انڈیز کا سکور 59 رنز تھا اور سمتھ نے 25 رنز بنائے جبکہ ساروان ایک رن پر کھیل رہے تھے۔ لنچ کے فوراً بعد عبدالرزاق نے سمتھ کو بولڈ کر دیا۔ انہوں نے اپنے لنچ کے پہلے سکور میں کسی بھی رن کا اضافہ نہیں کیا تھا۔


چائے کے وقفے پر برائن لارا آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 67 رنز پر اور پانچ چوکوں کی مدد سے ساروان 35 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کا کل ٹوٹل 162 رنز ہے۔

دوسرے روز کھیل کے پہلے سیشن میں ویسٹ انڈین بولر کھیل پر چھائے رہے اور کسی بھی بیٹسمین کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ کولیمور وکٹ حاصل کرتے رہے اور پاول کھلاڑیوں کو زخمی۔ پہلے کامران اکمل ایک تیز گیند پر زخمی ہو کر بہت تکلیف میں نظر آئے اور اس کے بعد رانا نوید انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

کولیمور نے آج اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ سات وکٹ حاصل کیے۔ پہلے بھی انہوں نے سبائنا پارک کی گراؤنڈ میں ہی 2003 میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے 57 رنز دے کر سات کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ آج انہوں نے پاکستان کے سات کھلاڑیوں کو 78 رنز دے کر آؤٹ کر ڈالا۔ دوسرے سب سے کامیاب بولر ڈیرن پاول تھے جنہوں نے 69 رنز دے کر دو کھلاریوں کو آؤٹ کیا۔

آج کھیل شروع ہونے کے بعد پہلے اوور ہی میں کولیمور نے عبدالرزاق کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے اپنے پہلے دن کے ٹوٹل میں ایک رن کا بھی اضافہ نہیں کیا تھا۔

جب رزاق آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا ٹوٹل بھی 336 رنز ہی تھا۔ پاکستان کا آٹھواں وکٹ شبیر احمد کا تھا جو بغیر کوئی رن بنائے کولیمور کی گیند پر براؤن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت سکور 360 تھا۔ پاکستان کا نواں اور دسواں وکٹ کامران اکمل اور دانش کنیریا کا تھا جو 374 کے سکور پر ہی گرا۔ کامران اکمل جو زخمی ہونے کے بعد بھی گراؤنڈ سے نہیں گئے تھے ایک رن سے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے سے رہ گئے اور 49 رنز بنا کر پاول کی گیند پر ایک بھی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ آج کے 36 رنز کے پاکستان کے اضافے میں سے 25 رنز صرف کامران اکمل کے تھے۔

پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے تھے۔ میچ کے اختتام پر عبدالرزاق 19 رنز پر جبکہ کامران اکمل 24 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دوسرے ٹیسٹ میں اگرچہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کی اوپنگ ناکام ہوئی لیکن نائب کپتان یونس خان کی شاندار سنچری اور کپتان انضمام الحق اور عاصم کمال کی نصف سنچریوں نے پاکستان کو مشکل حالت سے نکال لیا۔

یونس خان نے اس وقت سنچری سکور کی جب پاکستان کو اس کی اشد ضرورت تھی۔ تین وکٹ گر چکے تھے اور سکور صرف ایک سو تیس تھا۔ وہ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد ایک سو چھ رنز بنا کر کولیمور کی گیند پر ہائنڈز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے باربیڈوس میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کو دو سو چھہتر رنز سے ہرا دیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم: انضمام الحق (کپتان)، یاسر حمید، شعیب ملک، شاہد آفریدی، یونس خان، عاصم کمال، عبدالرزاق، کامران اکمل، نوید الحسن رانا، شبیر احمد، اور دانش کنیریا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم: کرسٹوفر گیل، ڈیون سمتھ، رام ناریش ساروان، برائن لارا، شیو نارائن چندرپال، ویول ہائنڈز، کورٹنی براؤن، ڈیرن پاول، ٹینو بیسٹ، ریون کنگ، کوری کولیمور شامل ہیں۔ جبکہ آئین بریڈ شا اور ڈوین براوو بارہویں اور تیرہیوں کھلاڑی ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد