 |  تندلکر گزشتہ سال اگست سے کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں |
اس سال کے شروع میں پاکستان کے ایک منجم نے پیش گوئی کی تھی کہ بھارتی کرکٹ کے درخشاں ستارے سچن تندلکر کے ستارے بتاتے ہیں کہ دو ہزار پانچ میں زخمی ہونے کے باعث تندلکر کا کرکٹ کیریئر ختم ہو جائے گا۔ تاہم کسی نے اس پیش گوئی کا کوئی نوٹس نہیں لیا تھا۔ لیکن یہ خبر آنے کے بعد کہ کہنی کے آپریشن کی وجہ سے تندلکر تین چار ماہ کے لیے کرکٹ کے میدان سے باہر رہیں گے، لوگوں کو اچانک پاکستان کے منجم عبداللہ شوکت چودہری کی پیش گوئی یاد آ رہی ہے۔ ستر سالہ پاکستانی منجم آج بھی اپنی اس پیش گوئی پر قائم ہیں کہ انہوں نے جو پیش گوئی کی تھی وہ درست ثابت ہوگئی اور تندلکر اب کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے یعنی ستاروں کی گردش کے لحاظ سے ان کا مستقبل زیادہ امید افزاء نہیں۔ لاہور میں رہائش پذیر شوکت چودہری نے تندلکر کے زائچے پر نظر ڈالتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ بھارتی سٹار کے لیے مشتری اور مریخ دونوں کی نشست اچھی نہیں ہے۔  |  عبداللہ شوکت | عبداللہ شوکت نے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کے بارے میں بھی یہ پیش گوئی کی تھی کہ انیس سو اسی کی دہائی میں پنڈلی پر زخم کھائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دو ہزار پانچ میں پوپ جان پال دوئم انتقال کر جائیں گے اور یہ کہ جنوبی ایشیاء میں دسمبر دو ہزار چار میں ایک زلزلہ آئے گا۔ منجم کا کہنا تھا کہ ’تندلکر کے زائچے میں ستاروں کی چال کچھ ایسا بتاتی ہے کہ کہنی کے اس آپریشن کے باعث ان کا کرکٹ کا مستقبل ختم ہو جائے گا۔‘ گزشتہ برس اگست سے تندلکر کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور اس وجہ سے وہ کئی اہم میچوں میں حصہ نہیں سکے ہیں۔ حال ہی میں دوبارہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بھی تندلکر اپنی فارم میں واپس نہیں آ پائے۔ |