ڈیوس کپ کا لاہور میں آغاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور چائنیزتائپی کے درمیان ڈیفنس کلب لاہور کے گراس کورٹ پر جمعہ سے شروع ہونے والی ایشیاء اوشینا گروپ ون ڈیوس کپ ٹینس ٹائی میں دونوں ممالک نے ایک ایک میچ جیت لیا۔ پہلا میچ پاکستان کے سٹار ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور چائنیز تائپی کے وان یوزو کے درمیان ہوا یہ میچ مکمل طور پر یک طرفہ رہا اعصام الحق نے یہ میچ تین سٹریٹ سیٹس میں جیتا۔ اعصام نے پہلا سیٹ 2/6 سے جیتا اس سیٹ میں اعصام نے وان کی تیسری اور پانچویں سروس بریک کی۔ اعصام نے دوسرا سیٹ 1/6 سے جیتا اس سیٹ میں اعصام کی گرفت مکمل طور کھیل پر مضبوط رہی اور اس نے تیسری پانچویں اور ساتویں گیم میں وان کی سروس بریک کی۔ تیسرے سیٹ میں اعصام نے وان کی چوتھی سروس بریک کر کے یہ سیٹ 3/6 سے جیت لیا۔ اعصام کا کہنا تھا کہ وان سے وہ پہلے بھی کئی بار کھیل چکے ہیں اور ان کے ساتھ گزشتہ دو معرکوں میں مجھے شکست ہوئی لیکن اس سے پہلے ہم کبھی گراس کورٹ پر نہیں کھیلے اس بار مجھے گراس کورٹ کا فائدہ حاصل ہوا اور میں خلاف توقع بہت آسانی سے یہ میچ جیت گیا۔ دوسرا میچ پاکستان کے نمبر دو عقیل خان اور جائنیز تائپے کے نمبر ایک کھلاڑی لو ین کے درمیان تھا۔ ساڑھے تین گھنٹے پر مشتمل یہ میچ بہت کانٹے دار مقابلہ تھا لو ین نے میچ کے کچھ اہم موقعوں پر بہتر کھیل پیش کر کے یہ میچ ایک کے مقابلے تین سیٹ سے جیتا۔ کل اس ٹائی کا اہم میچ ہے یہ ڈبلز میچ ہے جس میں پاکستان کی جانب سے اعصام الحق اور عقیل خان اور چائنیز تائپے کی جانب سے لو ین اور وان یو زو کھیلیں گے۔ یہ ٹینس ٹائی دونوں ممالک کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کو جیتنے والا ورلڈ گروپ کے لیے کوالیفائی کرے گا۔ اگر پاکستان یہ ٹینس ٹائی جیتتا ہے تو یہ پاکستان کی ٹینس کی نئی تاریخ رقم کرے گا کیونکہ اس سے پہلے پاکستان نے کبھی یہ اعزاز حاصل نہیں کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||