پاکستانی ٹیم میں ممکنہ تبدیلیاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اطلاعات ہیں کہ چھ ایک روزہ میچوں کی سریریز میں دو صفر سے پیچھے ہوجانے کے بعد پاکستان احمدآباد میں ہونے والے ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم میں کئی تبدیلیاں کرنے پر غور کر رہا ہے۔ ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمشید پور کے میچ کے لیے فاسٹ بولر محمد سمیع، آف سپنر ارشد خان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائےگا۔ان کی جگہ افتخار انجم، دانش کنرییا اور یونس خان لے سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ خبر کپتان انضمام الحق کے حوالے سے جاری کی گئی ہے لیکن ٹیم کے منیجر سلیم الطاف اس سے صاف انکار کر رہے ہیں۔ تصدیق کے لیے جب سلیم الطاف سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کل یعنی جمعہ کی شام کو ٹیم کی میٹنگ میں ہی کیا جائے گا۔ آج انضمام الحق وشاکھاپٹنم کے میچ میں اپنے رویہ کی صفائی دینے کے لیے میچ ریفری کرس بورڈ کے سامنے پیش ہوئے۔ سلیم الطاف نے بتایا کہ انضمام کی صرف سرزنش کی گئی ہے کیونکہ یہ ’لیول ون‘ کی خطا تھی اور یہ کہ ان پر اس کے علاوہ کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا گیاہے۔ تاہم اگر وہ اگلے بارہ مہینوں میں دوبارہ اس طرح کی حرکت کرتے ہیں، تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اس سے قبل بنگلور ٹیسٹ میں ضرورت سے زیادہ اپیل کرنے کی وجہ سے انضمام پر ایک ٹیسٹ میچ کے لیے پابندی لگائی گئی تھی۔ وشاکھاپٹنم کے میچ میں رن آؤٹ ہونےکے بعد انضمام کافی زور سے عبدالرزاق پر چلائے تھے اور ڈریسنگ روم میں داخل ہونے سے قبل ہی انہوں نے جنجھلاہٹ میں زور سے اپنا بیٹ پھنک دیا تھا۔ انضمام پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ جو کچھ ہوا وہ غصے میں ہوا اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ عبدالراق اور ان کے درمیان اب کوئی تلخی نہیں ہے کیونکہ دونوں پروفیشنل کھلاڑی ہیں اور یہ سب کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔ جہاں تک سوال ٹیم میں تبدیلیوں کا ہے، سلیم الطاف کی تردید کے باوجود اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ٹیم کی قیادت انہیں خطوط پر سوچ رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کو دانش کنیریا کی کمی محسوس ہوئی تھی۔ سابق کپتان رمیز راجہ کے مطابق دانش کنیریا اٹیکنگ بولرہیں اورجس طرح کی بے جان وکٹیں اب تک دیکھنے کوملی ہیں، ان پر دانش جیسے بالر کے بغیر میدان میں اترنا سمجھداری کی بات نہیں۔ سمیع کے بارے میں بھی رمیز کا خیال تھا کہ وہ آخر کے اوورز میں یارکر کرانے میں ناکام رہے جو ایک روزہ کرکٹ میں فاسٹ بالرز کا سب سے قیمتی ہتھیار ہوتا ہے۔ بہرحال، حتمی فیصلہ تو کل شام کو ہی ہوگا لیکن ممکن ہے کہ کل میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں انضمام اس بارے میں کوئی اشارہ دیں کہ دانش کنیریا کھیلیں گے یا نہیں اور یہ کہ یونس خان کی جگہ شعیب ملک کو باہر بٹھایا جائے گا یا محمد حفیظ کو۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||