ڈیوس کپ، پاکستان کی برتری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
باغ جناح لاہور میں جاری ایشیا اوشینا ڈیوس کپ گروپ ون ٹینس ٹائی میں پاکستان نے ایک میچ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ آج ہونے والے ڈبلز میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو ایک کے مقابلے تین سیٹ سے شکست دی۔ آج ہونے والا ڈبلز مقابلہ دونوں ممالک کے لیے خاصی اہمیت رکھتا تھا۔ کیونکہ دونوں ممالک کل کے سنگلز مقابلوں میں ایک ایک میچ جیت چکے تھے۔ اس میچ میں پہلے تھائی لینڈ کی جانب سے دو جڑواں بھائیوں سونچت اور سوناچی نے یہ ڈبلز مقابلہ کھیلنا تھا۔ تاہم آج تھائی لینڈ کے کوچ نے اپنے نمبر ایک پیراڈن سری چپن اور نمبر دو دانائی اودم چوک کو کورٹ میں اتارا۔ پاکستان کی جانب سے اعصام الحق اور عقیل خان نے یہ میچ کھیلا۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے میچ کے آغاز سے ہی عالمی رینکنگ میں اپنے سے بہتر کھلاڑیوں سے بہتر کھیل پیش کیا۔ پاکستان کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ کی ساتویں گیم میں تھائی لینڈ کی سروس بریک کی اور یہ سیٹ 6/4 سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بڑا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا اور دونوں ٹیمیں اپنی اپنی سروس پر پوائنٹ حاصل کرتی رہیں۔ تاہم اس سیٹ کی بارہویں گیم پر تھائی لینڈ نے پاکستان کی سروس بریک کی اور دوسرا سیٹ 5/7 سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں پھر اعصام الحق اور عقیل خان نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور تھائی لینڈرز کی پانچویں اور ساتویں گیم کی سروس بریک کر کے بآسانی تیسرا سیٹ 2/6 سے جیت لیا۔ چوتھا سیٹ جو کہ میچ کا آخری سیٹ ثابت ہوا اس میں دونوں ٹیمیں دباؤ میں نظر آئیں۔ پاکستان نے جب اس سیٹ میں گیارویں گیم میں تھائی لینڈرز کی سروس بریک کی تو ایسا لگا کہ پاکستان یہ میچ جیت گیا تاہم اگلی گیم میں تھائی لینڈ نے پاکستان کی سروس بریک کر دی اور یوں میچ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہونا ٹھہرا۔ ٹائی بریک میں پاکستان نے چار کے مقابلے سات پوائنٹس حاصل کر کے آخر کار چوتھا سیٹ جیت کر یہ اہم ڈبلز مقابلہ جیت لیا۔ تھائی لینڈ کے کوچ چنائے سری چپن نے میچ کے بعد بتایا کہ ان کے کھلاڑی مکمل طور فٹ نہیں اور گراس کورٹ پر کھیلنے سے بھی بہت فرق پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کا مقابلہ پاکستان سے کلے کورٹ پر ہوتا تو وہ بڑی آسانی سے جیت جاتے۔ کل اس ٹائی کے ریورس سنگلز ہیں جن میں پاکستان کے اعصام الحق تھائی لینڈ کے نمبر ایک پیراڈن سے کھیلیں گے۔ اعصام کے بقول وہ کل کے میچ میں اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے تاہم پیراڈن ان کی نسبت بہت تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور عالمی درجہ بندی میں ان سے بہت آگے بھی لہذا یہ کہنا کہ وہ ان سے جیت جائیں گے مشکل ہے۔ کل کا دوسرا ریورس سنگل تھائی لینڈ کے دنائی اودم چوک اور پاکستان کے عقیل خان کے درمیان ہے اگرچہ دانائی کا تجربہ بھی عقیل سے زیادہ ہے لیکن ایک تو عقیل کو گراس کورٹ کے سبب اودم چوک پر برتری ہے اور جس طرح اب تک عقیل اس ٹائی میں کھیل رہے ہیں ان کے اس میچ میں جیتنے کے امکانات کافی ہیں۔ اس اہم ٹائی کو جیتنے کے لیے اب پاکستان کو صرف ایک جبکہ تھائی لینڈ کو دو میچوں میں جیت درکار ہے |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||