| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیوس کپ: پاکستان نے کوریا کو ہرا دیا
ڈیوس کپ ایشیا اوشینا گروپ ون ٹینس ٹائی پاکستان نے کوریا کو دو کے مقابلے میں تین میچوں ہر ہرا کر سے جیت لی ہے۔ پاکستان کی جیت کا سہرا بجا طور پر پاکستان کے نمبر ایک کھلاڑی عقیل خان کے سر ہے ۔ اتوار لاہور کے ڈیفنس کلب کے گراس کورٹ پر کھیلی جانے والی اس تین روزہ ٹینس ٹائی کا تیسرا اور فیصلہ کن دن تھا۔ ہفتہ کو ڈبلز مقابلہ جیتنے کے بعد پاکستان ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے آگے تھا اور یہ اہم ٹائی جیتنے کے لئے آج کے دو ریورس سنگل میچوں میں سے اسے ایک میچ میں فتح درکار تھی۔ پہلا میچ جو کہ بین الا قوامی میچ کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے پاکستان کے سٹار ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور کوریا کے نمبر دو کھلاڑی ينگ جون کم کے درمیان تھا۔ اس میچ کو ڈیوس کپ کے طویل ترین میچوں میں سے ایک کہا جا سکتا ہے کیونکہ یہ چار گھنٹے اور ستائیس منٹ تک جاری رہا۔اس میچ کو ینگ جون کم نے دو کے مقابلے میں تین سیٹ سے جیتا۔ پہلے چار سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا ۔پہلا اور تیسرا سیٹ اعصام نے 6/7 6/7 سے اور دوسرا اور چوتھا سیٹ ینگ جون نے 6/7 6/7 ہی کے سکور سے جیتا پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں ینگ جون کا پلڑا بھاری رہا۔ انہوں نے اعصام کی ایک سروس بریک کی جس کے نتیجے میں وہ یہ سیٹ 4/6 سے جیت گئے اور یوں میچ بھی ینگ جون کا ہوا۔ اب ٹائی کا فیصلہ پانچویں میچ پر ٹھہرا جو کہ پاکستان کے نمبر ون کھلاڑی عقیل خان اور کوریائی کھلاڑی کیو تے ام کے درمیان تھا مگر یہ میچ یک طرفہ ثابت ہوا اور عقیل خان کے زبر دست فور ہینڈ اور بیک ہینڈ شارٹس کے سامنے کوریائی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور عقیل نے یہ میچ 3/6 3/6 4/6 کے سکور سے جیت لیا۔ کل کا ڈبلز مقابلہ جیتنے کے بعد عام تاثر یہ تھا کہ پاکستان کی جیت کا دارومدار اعصام الحق پر ہو گا کیونکہ ریکارڈ کے مطابق وہ عقیل سے بہتر کھلاڑی ہیں اور انہیں بین الاقوامی میچز کھیلنے کا تجربہ بھی ہے مگر نتائج اس کے برعکس تھے اور پاکستان کی جیت کا سہرا عقیل خان کے سر بندھا۔ عقیل خان نے کہا کہ اعصام کے ہارنے کے بعد ان پر ٹائی جیتنے کی ذمہ داری آن پڑی مگر ان پر اس کا کوئی دباؤ نہیں تھا کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی اسطرح کے حالات میں پاکستان کو فتح دلا چکے ہیں۔ اعصام نے کہا کہ آج کے میچ میں ان کی قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ اور ان کی ہار کی دوسری وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ ینگ جون کو ایک دن کا آرام مل گیا تھا کیونکہ وہ ڈبل مقابلہ نہیں کھیلے تھے۔ جبکہ انہوں نے لگاتار تینوں دن میچ کھیلے۔ یہ ٹائی جیتنے کے بعد پاکستان ڈیوس کپ ایشیا اوشینا کے گروپ ون ہی میں رہے گا جبکہ جنوبی کوریا گروپ ون سے گروپ ٹو میں چلا گیا ہے۔ پاکستان کی جیت اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس نے جنوبی کوریا سے یہ ٹائی تقریباّ پچیس سال بعد جیتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |