علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کا م لاہور |  |
 |  بھارتی ہائی کمیشن کی خصوصی کیمپ قدافی اسٹیڈیم میں قائم ہے (فائل فوٹو) |
موہالی کرکٹ ٹیسٹ میچ کے لیے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں لگنے والے دوروزہ خصوصی کیمپ میں صرف سوادو ہزار کے قریب پاکستانی تماشائیوں نے بھارتی ویزے کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں اور پیر سے بھارتی ہائی کمشن نے کرکٹ شائقین کو ویزے جاری کرنے شروع کر دیے ہیں۔ تین دن قبل ہفتے کے دن ویزے کی درخواستیں جمع کروانے اور ٹکٹیں وصول کرنے والوں کا ایک رش تھا اور لوگوں نے گھنٹوں کھڑے ہوکر ویزہ فارم جمع کروائے۔ لیکن گزشتہ روز اتوار کو صورتحال اس کے برعکس رہی رش کچھ ہی دیر بعد ختم ہوگیا اور کاؤنٹرخالی رہے۔ جن کرکٹ شائقین کے پاس فارم نہیں تھے اور بھارتی ہائی کمشن کےعملے کو ان کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ جانے کے خواہشمند ہیں تو ان سے موقع پر ہی ویزہ فارم بھروا لیے گئے۔ بھارت کے ہائی کمیشن کے ایک اہلکار ایم کے مصطفوی نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے روز ڈیڑھ ہزار پاکستانیوں کی درخواستیں وصول کی گئیں جبکہ دوسرے روز یہ تعداد آدھی رہ گئی تھی۔ لاہورکے علاوہ کراچی اور اسلام آباد میں بھی ٹکٹوں کی فروخت جاری رہی لیکن ان دونوں شہروں میں صرف امریکن ایکسپریس بینک نے ٹکٹیں جاری کیں۔ بھارت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ نےلاہور دورے کےدوران موہالی ٹیسٹ کے لیے َآٹھ ہزار ویزے جاری کرنے اور لاہور میں ویزوں کے اجراء کے لیے خصوصی کیمپ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اس کیمپ میں دوروز میں صرف سودو ہزار کے قریب ٹکٹوں کی فروخت ہوسکی بھاری ہائی کمشن کے اہلکارنے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم میں قائم بھارتی ہائی کمشن کے خصوصی کیمپ سے ٹکٹوں کااجراء بند ہوگیا ہے لیکن امریکن ایکسپریس بینک سے ٹکٹوں کی فروخت ابھی بھی جاری ہے۔ مبصرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ویزوں میں عدم دلچسپی کی دو بنیادی وجوہات ہیں، ایک تو یہ کہ بھارتی ہائی کمشن پوری سیریز کے ویزے جاری نہیں کررہا اور پوری سیریز دیکھنے کے خواہشمند کو ہر ٹیسٹ کے بعد واپس آکر دوبارہ سے ویزہ لینا ہوگا۔اور دوسری وجہ ٹکٹ کی قیمت بتائی جاتی ہے کرکٹ کے کئی شائقین نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ کے لیے ڈھائی ہزارروپے کی ٹکٹ زیادہ ہے۔ بھارتی ہائی کمشن کے اہلکار نے بتایا کہ سات سو کے قریب پاکستانیوں کے سفری دستاویزات پر ویزے کی مہریں لگا دی گئی ہیں اور پیر سے انہیں ویزے جاری کرنے شروع کر دیے جائیں گے۔ |