 |  لارا کی ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے خلاف پانچویں سنچری تھی |
ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ان کی سنچری کا کچھ مطلب نہیں ہو گا اگر ویسٹ انڈیز پرتھ کے میدان میں منگل کے روز ایسی کارکردگی دہرانے سے قاصر رہا۔ برائن لارا کی ٹیم نے پاکستان کو جمعہ کو 58 رنز سے شکست دے دی اور اب اس کا منگل کے روز پاکستان کے ساتھ دوبارہ میچ ہو گا۔  | وی بی سیریز ٹیبل آسٹریلیا: 5 کھیلے، 4 جیتے، 0 ہارا، 1 بلا نتیجہ رہا پوائنٹس 26، رن ریٹ 1.44 ویسٹ انڈیز: 5 کھیلے، 1 جیتا، 3 ہارے، 1 بلا نتیجہ رہا پوائنٹس 9 ، رن ریٹ 0.75 پاکستان: 4 کھیلے، 1 جیتا، 3 ہارے، 0 بلا نتیجہ پوائنٹس 7، رن ریٹ 0.70 |
برائن لارا نے کہا کہ ’آج مجھے بیٹنگ کرنے کا مزہ آیا اور مجھے اس بات کا زیادہ مزہ آیا کہ میں میدان میں آیا اور ٹیم کے لیے کچھ کیا‘۔ ’لیکن اب یہ ایک ماضی ہے۔ میں منگل کے روز کا منتظر ہوں اور گیارہ کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی چاہتا ہوں‘۔ لارا اپنا 250 واں ایک روزہ میچ کھیل رہے تھے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں اپنی پانچویں سنچری اپنی کلائی میں تکلیف کے باوجود بنائی۔ کلائی میں تکلیف پورے ٹورنامنٹ میں ان کو تنگ کرتی رہی ہے۔ لارا نے میچ کے بعد کہا کہ ’پہلے پہل مجھے تکلیف محسوس ہوئی، گیند بھی بیٹ پر پوری طرح نہیں آ رہا تھا۔ لیکن اس کے بعد جوں جوں میں کھیلتا گیا اور ایڈریلین جسم میں پھرنا شروع ہو گئی، چیزیں بہتر ہونا شروع ہو گئیں‘۔ پاکستان کے کپتان انضمام الحق نے میچ کے بعد کہا کہ لارا کو روکنا مشکل تھا اور ویسٹ انڈیز کے 339 رنز میں ان کا کردار صاف دکھائی دیتا ہے۔ |