BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 18 January, 2005, 00:03 GMT 05:03 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پانچ اوپنر مگر اننگز وکٹ کیپر سے

کامران اکمل
کامران اکمل سے اوپن کرانے کے فیصلے پر شدید تنقید کی گئی ہے
آسٹریلیا میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں وکٹ کیپر کامران اکمل کو اوپنر کی حیثیت سے کھلانے کے کپتان انضمام الحق اور کوچ باب وولمر کے فیصلے پر پاکستانی کرکٹ حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس فیصلے پر تنقید کرنے والوں میں چیف سلیکٹر وسیم باری بھی شامل ہیں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم میں پانچ اوپنرز سلمان بٹ، یاسرحمید، توفیق عمر، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی موجود ہیں لیکن آسٹریلیا کے خلاف سلمان بٹ کے ساتھ اننگز کے آغاز کے لیے وکٹ کیپر کامران اکمل کا انتخاب کیا گیا حالانکہ انضمام الحق اور باب وولمر ہی کی خواہش کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی نے توفیق عمر اور محمد حفیظ کو آسٹریلیا بھیجا ہے۔

چیف سلیکٹر وسیم باری کامران اکمل کو اوپنر کھلانے کے فیصلے سے خوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فیصلہ ٹیم منیجمنٹ کا ہے لیکن ان کے خیال میں کامران اکمل کو اوپنر کھلانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی بلکہ محمد حفیظ کو اوپنر کھلانا چاہیئے تھا۔

وسیم باری اس تجویز کے پرزور حامی ہیں کہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب بھی سلیکٹرز کو کرنا چاہیئے جیسا کہ کئی دوسرے ممالک میں ہوتا ہے لیکن جب ان سے اس بارے میں پوچھا جاتا ہے کہ کیا سلیکٹرز کے منتخب کردہ کھلاڑی پر کپتان کا عدم اعتماد سلیکشن کمیٹی پر عدم اعتماد کے مترادف نہیں تو وہ خاموش ہوجاتے ہیں۔

کپتان انضمام الحق اور کوچ باب وولمر نے وسیم باری کے کئی فیصلوں کو چیلنج کیا ہے لیکن بقول مبصرین سلیکشن کمیٹی خاموش تماشائی بنی دیکھتی رہی ہے مثلا زمبابوے کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے ٹیم منیجمنٹ نے معین خان کے ان فٹ ہونے پر کامران اکمل کی درخواست کی تھی جو پوری کردی گئی لیکن کپتان نے ریگولر وکٹ کیپر کے بجائے نان ریگولر وکٹ کیپر یونس خان کو پشاور کے ون ڈے میں وکٹ کیپنگ کرا دی۔

سلیکشن کمیٹی نے خراب کارکردگی پر یاسرحمید کو کولکتہ میں بھارت کے خلاف ون ڈے کھیلنے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا لیکن انضمام الحق نے وسیم باری کے اس موقف کو کہ انہیں فارم میں نہ ہونے کے سبب ڈراپ کیا گیا ہے یہ کہہ کر رد کردیا کہ یاسرحمید کو ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ آرام دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے دورے سے قبل کپتان عاصم کمال کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بمشکل تیار ہوئے جبکہ ٹیسٹ سیریز میں غیرمعمولی کارکردگی کے باوجود دانش کنیریا کو ون ڈے اسکواڈ میں رکھنے کے بجائے وطن واپس بھیج دیا گیا۔

باب وولمر اور کپتان انضمام الحق
تنقید کا نشانہ باب وولمر اور کپتان انضمام الحق ہیں

دلچسپ بات یہ ہے کہ کوچ باب وولمر نے آسٹریلیا میں کامران اکمل کی بہتر کارکردگی کے باوجود ون ڈے اسکواڈ میں دو وکٹ کیپر رکھتے ہوئے معین خان کی شمولیت کے لیے کہا تھا جس پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم کو غیرضروری تجربات کی بھینٹ چڑھادیا گیا ہے جس کے ذمہ دار کوچ باب وولمر ہیں۔

سابق چیف سلیکٹر اور ماضی کے کامیاب تجربہ کار اوپننگ بیٹسمین عامر سہیل کا کہنا ہے کہ عمران فرحت اور توفیق عمر کی جوڑی ٹیسٹ جبکہ عمران فرحت اور یاسرحمید کی جوڑی ون ڈے میں سیٹ ہوچکی تھی لیکن انہیں تجربات کی نذر کردیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کی شکست کی وجہ کمزور قیادت اور غیرضروری تجربات ہیں۔ عامر سہیل حیران ہیں کہ پانچ اوپنرز کی موجودگی میں کامران اکمل سے اننگز شروع کرائی گئی۔

ایک اور سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کے خیال میں باب وولمر کا ون مین شو پاکستانی ٹیم کو لے ڈوب رہا ہے جو نہ کپتان کو خاطر میں لاتے ہیں نہ ہی سلیکٹرز کو اہمیت دے رہے ہیں۔ صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ باب وولمر کے دور میں جنوبی افریقہ نے کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھائی اب وہ پاکستانی ٹیم کو اپنے تجربات کی بھینٹ چڑھارہے ہیں۔ وہ ابھی تک پاکستانی ٹیم کا کامبی نیشن ہی تشکیل نہیں دے پائے ہیں۔

صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو اپنی قوت منوانی ہوگی لیکن ابھی تک وہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ٹیم کے حتمی گیارہ یہاں تک کہ بارہویں کھلاڑی کے انتخاب کا حق مکمل طور پر سلیکٹرز کو ملنا چاہیئے کیونکہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ کپتان پسند ناپسند کی بنیاد پر کھلاڑی کو کھلاتا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے ایک اور سابق چیئرمین حسیب احسن نے بھی باب وولمر کی کوچنگ اور انضمام الحق کی قائدانہ صلاحیت پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم کو مسلسل شکست کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کپتان اور کوچ پر اعتماد ظاہر کر چکے ہیں جبکہ کوچ باب وولمر اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو یہ کہہ کر مسترد کرتے آئے ہیں کہ اس کا مقصد ٹیم کے مورال کو نقصان پہنچانا ہے۔

انضمام کی کپتانی
انضمام کی کپتانی پر اٹھتے ہوئے سوالات
عاصم کمالعاصم کمال: مرد بحران
مشکل حالات میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں
پوپائےعبدالرزاق اور پالک
عبدالرزاق کے دوست انہیں’پوپائے‘ کہتے ہیں
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد