عمرگل ان فٹ، شیعب غیر حاضر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عمرگل ایک مرتبہ پھر کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں اور قومی کیمپ میں آئندہ چند روز کی کارکردگی پر ان کی ایشیا کپ میں شرکت کا انحصار ہوگا۔ جبکہ فاسٹ بولر شعیب اختر نے تین دن گزرجانے کے باوجود کیمپ میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر اور کیمپ کے نگراں ہارون رشید نے بی بی سی کو بتایاکہ عمرگل کی فٹنس مانیٹر کی جارہی ہے اور وہ 16 جولائی سے سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ آئندہ چند روز میں ہوسکے گا۔ عمرگل پاکستان کرکٹ ٹیم کے باصلاحیت تیز بولر ہیں۔ بھارت کے خلاف لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی عمدہ بولنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن بکھیر کر رکھ دی تھی لیکن دوسری اننگز میں کمر کی تکلیف ان کی راہ میں رکاوٹ بن گئی تھی جس کے بعد وہ پنڈی میں تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ایشیا کپ کی تیاری کے لئے لاہور میں جاری قومی کیمپ میں دانش کنیریا اور محمد سمیع کے سوا تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ نئے ٹرینر مرے اسٹیونسن نے مکمل کرلئے ہیں۔ کنیریا اور سمیع کے فٹنس ٹیسٹ جمعہ کو ہونگے۔ فاسٹ بولر شعیب اختر نے تین دن گزرجانے کے باوجود کیمپ میں نہیں آئے جو ایک نئے تنازعہ کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کےلئے قومی کیمپ میں شرکت کو لازمی قرار دیا ہے لیکن شعیب اختر تاحال کیمپ میں نہیں پہنچے۔ انہوں نے انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ باب وولمر سے دوسری مرتبہ ملاقات کی ہے۔ باب وولمر اور چیف سلیکٹر وسیم باری نے فاسٹ بولر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔ شعیب اختر کو شکایت ہے کہ بھارت کے خلاف شکست کی تمام ذمہ داری ان پر عائد کردی گئی اور کرکٹ بورڈ کے حکام اور کپتان نے ان کے بارے میں ضرورت سے زیادہ تنقیدی بیانات دیئے جس سے ان کی پوزیشن بہت خراب ہوئی ہے اسی وجہ سے وہ کیمپ میں آنے میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام شعیب اختر کے کیمپ میں نہ آنے پر سخت ناراض ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ شعیب اخترنے پہلے ایشیا کپ نہ کھیلنے کی بات کی اور پھر اپنے موقف میں تبدیلی لاتے ہوئے یہ کہا کہ وہ ایشیا کپ کھیلناچاہتے ہیں جس کے بعد ہی شعیب اختر کو کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||