BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بھارت کے ایک سو سولہ تمغے

۔
سیف گيمز کے چھٹے دن گو کہ نسبتاّ کم کھیلوں میں میڈلز کے لیے مقابلے ہوئے تاہم پھر بھی بھارت نے آج کل کے اپنے سونے کے میڈلز میں مذید اضافہ کیا۔اضافہ تو پاکستانی گولڈ میڈلز میں بھی تھا مگر اس کامقابلہ بھارتی میڈلز کے ساتھ ممکن نہیں۔

وجہ یہ کہ آج بھارتی تیراک خواتین نے اپنے مردوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سارے کے سارے مقابلے جیت لیے۔

پاکستان سپورٹس کملیکس اسلام آباد کے سوئمنگ پول پر آج خواتین کے تیراکی کے مقابلے چادر اور چار دیواری میں منعقد ہوئے پول کے باہری جنگلے کو قناتوں سے ڈھکا گیا تھا۔

مقابلوں کے دوران پول پر مردوں کا داخلہ مکمل طور پر بند تھا یہاں تک کہ بھارتی اور دوسرے ممالک کے مرد کوچ بھی اندر جھانک نہیں سکتے تھے۔

خواتین تیراکی میں پانچ مقابلے ہوئے۔

پچاس میڑ فری سٹائل میں بھارتی تیراک ریشماں ملت نے گولڈ میڈل حاصل کرنے کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنایا۔ ریشماں ملت نے مقررہ فاصلہ اٹھائیس اعشاریہ سینتالیس سیکنڈ میں طے کر کے اپنی ہی بہن نشا ملت کا بنایا ریکارڈ توڑ دیا۔

سو رانجنی ودیاناتھن نے ناصرف بھارت کے لیے دوسرا گولڈ میڈل جیتا بلکہ نیا سیف ریکارڈ بھی بنایا۔

سو میڑ بیک سٹروک کے ایونٹ میں بھارتی تیراک خاتون سومی سیرک نے نیا سیف ریکارڈ بنایا۔ پاکستان کی گولڈن گرل کا خطاب پانے والی کرن خان نے سلور میڈل حاصل کیا اور پاکستان کی رباب رضا نے برونز میڈل اپنے ملک کے لیے حاصل کیا۔

بھارت کی تیراک بھاونہ شرما نے سو میڑ بریسٹ سٹروک میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

چار ضرب دوسو میڑ فری سٹائل ریلے میں بھارتی تیراک خواتین نے پہلی پوزیشن کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنایا اور یوں آج چار نئے سیف ریکارڈز بنے۔

اس ایونٹ میں پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔

پاکستانی تیراک کرن خان کا کہنا تھا کہ بھارتی تیراکوں کو جو سہولتیں میسر ہیں وہ سہولتیں ہمیں حاصل نہیں یہی وجہ ہے کہ ہم گولد میڈل نہیں جیت پاتیں۔

نشانہ بازی میں آج بھی بھارتی نشانہ بازوں کی اجارہ داری بدستور قائم رہی۔
سینٹر فائر پسٹل میں بھارتی نشانہ باز جسپال رانا فاتح رہے۔ اسی ٹیم ایونٹ میں بھی بھارتی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا۔

پچاس میڑ سپورٹس رائفل پرون میں بھارتی خواتین کی ٹیم جیتی۔ جبکہ اس کے انفرادی مقابلے میں بھارت کی راج کماری فاتح رہیں۔ اور یوں چاروں کے چاروں گولڈ بھارت کی جھولی میں۔

آج اتھلیٹکس مین صرف ایک مقابلہ تھا میراتھن دوڑ کا جس میں سری لنکن اتھلیٹ انورادھ کورے نے گولڈ۔ ان کے ہم وطن اجیتھ بنڈارا نے سلور میڈل حاصل کیا۔

بھارت نے مذید دوگولڈ میڈل ٹیبل ٹینس کے مین ڈبلز اور وومین ڈبلز میں حاصل کیے۔

پاکستان نے آج دو گولڈ میڈل ویٹ لفٹنگ میں حاصل کیے۔

ایک سو پانچ کلو گرام سے زائد ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کے عالم دین نے سب سے زیادہ ویٹ اٹھا کر پاکستان کو طلائی تمغہ دلایا۔بھارتی ویٹ لفٹر وپن دوسرے نمبر پر رہے۔

ایک سو پانچ کلوگرام تک کے ویٹ میں پاکستان ہی کے سجاد امین فاتح رہے جبکہ اس میں بھی بھارت کے گرمندر دوسرے نمبر پر رہے۔

تائی کوانڈو میں آج چار مقابلے ہوئے جن میں نہ تو کوئی بھارتی گولڈ میڈل لے سکا نہ ہی پاکستانی۔ یہ چاروں کے چاروں گولڈ میڈل نیپالی کھلاڑیوں نے حاصل کیے جن میں ایک نیپالی خاتون بھی شامل تھی۔

میڈل ٹیلی کے مطابق بھارت اس چھ دنوں میں اب تک ایک سو سولہ میڈلز حاصل کر چکا ہے جن میں سب سے زیادہ سونے کے ہیں۔ یعنی بھارت نے اڑسٹھ میڈل سونے کے تیس میڈل چاندی کے اور اٹھارہ کانسی کے حاصل کیے۔

پاکستان بدستور دوسرے نمبر پر ہے۔ اس نے چوبیس طلائی، انتالیس چاندی اور تینتیس کانسی کے میڈلز سمیت چھیانوے میڈل لیے ہیں۔

سری لنکا بھی میڈلز کی دوڑ میں ٹھیک ہی رہا ہے جس نے مجموعی طور پر اکہتر میڈل لیے جن میں آٹھ سونے کے بائیس چاندی کے اور اکتالیس کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

آج تائی کوانڈو میں چار گولڈ حاصل کرنے کے بعد نیپال کے پاس اب چھ گولڈ میڈل ہیں اور تین سلور اور بارہ برونز میڈل کے ساتھ پانچویں پوزیشن سے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

بنگلا دیش کے مجموعی میڈل تو اکتیس ہیں تاہم ان میں طلائی صرف تین ہیں۔
افغانستان تین سلور اور انیس برونز کے ساتھ بائیس میڈل حاصل کر چکا ہے۔
بھوٹان ایک سلور اور دو برونز میڈل ہی پر اکتفا کیے ہوئے ہےجبکہ مالدیپ ابھی بھی صفر پر کھڑا ہے۔

کل یعنی پیر کے روز سیف گيمز کا فٹ بال کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائےگا اس مقابلے پر سب کی نگاہیں جمی ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد