BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 02 April, 2004, 21:12 GMT 02:12 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سیف گیمز، بھارت آگے

۔
۔
سیف گیمز کے چوتھے دن کے خاتمے تک بھارت گولڈ میڈلز کی دوڑ میں کافی آگے نکل چکا ہے اور جہاں پاک بھارت تعلقات میں اختلافات کی خلیج کم ہو رہی ہے وہاں سیف گیمز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گولڈ میڈل کی خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔

سیف گیمز کے چوتھے دن دو اپریل کو گیارہ کھیلوں میں مقابلے ہوئے جن میں اتھلیٹک،سوئمنگ، شوٹنگ،سکواش، بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،وولی بال،کبڈی،ویٹ لفٹنگ،ریسلنگ اور تائی کوانڈو شامل ہیں۔

جمعہ کو زیادہ تر مقابلے شام تین بجے کے بعد شروع ہوئے۔ صبح ہونے والے شوٹنگ کے مقابلے دس میڑ ا‏ئیر پسٹل ٹیم ایونٹ میں بھارتی نشانہ بازوں کی ٹیم نے ٹھیک ٹھیک نشانے لگا کر ایک بار پھر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ چاروں مقابلوں میں نئے ریکارڈ بھی بنے۔ پاکستانی نشانے باز دوسرے نمبر پر رہے۔جبکہ سری لنکا کی نشانہ بازوں کی ٹیم کو برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

خواتین کے نشانہ بازی کے مقابلوں میں بھی بھارتی خواتین ہی چھائی رہیں۔ پچاس میڑ سمال بور فری رائفل کے ٹیم ایونٹ میں انہوں نے دوسرے نمبر پر رہنے والی پاکستانی خواتین کو کافی بڑے مارجن سے ہرایا۔

خواتین کےاسی ایونٹ کے انفرادی مقابلے میں توقع کے مطابق بھارتی نشانہ باز مینا کماری فاتح رہیں۔جبکہ سلور اور برونز میڈلز بھی بھارتی خواتین راج کماری اور کوہلی گامگل ہی نے حاصل کیا۔

نشانہ بازی میں دس میڑ ائیر پسٹل کے مقابلے میں بھارت کے اٹھارہ سال کے رونک پنڈت نے گولڈ میڈل حاصل کرنے کے ساتھ نیا سیف ریکارڈ بھی قائم کیا۔

News image

مردوں کےسوئمنگ مقابلوں میں آج سری لنکن تیراک نے تین دن سے قائم بھارتی تیراکوں کی اجارہ داری ختم کی اور آج ہونے والے تین مقابلوں میں سے ایک میں سری لنکن تیراک گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔پچاس میڑ بٹر فلائی میں سری لنکا کے کونراڈ انتھونی فرانسس نے چھبیس اعشاریہ گیارہ سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا۔اور بھارتی سوئمر صرف اعشاریہ تین سیکنڈ کے فرق سے ہار گیا۔

سو میڑ بریسٹ سٹروک میں بھارت کے پونیت رانا نے فتح کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنایا۔اور بھارت ہی کے تیراک دیپک سنگھ کا انیس سو ننانوے میں بنایا ہوا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس مقابلے میں سری لنکا کے کونراڈ انتھونی نے سلور اور بھارت ہی کے گیرک بردھان نے برونز میڈل حاصل کیے۔

دو سو میڑ فری سٹائل میں بھارت کے امر مرلی دھرن نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پاکستان کے محبوب علی اور سری لنکا کے ارون کارونا رتنے دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

سیف گیمز کے چوتھے روز اتھلیٹکس کے مقابلوں کا آغاز ہوا۔چار مقابلے ہوئے جن میں سے تین خواتین کے درمیان تھے۔

پانچ ہزار میڑ کی دوڑ میں پاکستانی اتھلیٹ نوشاد خان نے چودہ منٹ انتالیس اعشاریہ سینتالیس سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کر کے طلائی تمغہ جیتا۔

خواتین کا جیولن تھرو سری لنکا کی اینے مہایشی نے جیتا۔بھارتی اتھلیٹ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔

خواتین کے شاٹ پٹ مقابلے میں بھارت کی نکولس لاتھا نے گولڈ بھارت کی چیتالی پال نے سلور اور پاکستان کی زینت پروین نے برونز میڈل حاصل کیا۔

لانگ جمپ کا مقابلہ بھی بھارتی اتھلیٹ نے جیتا بھارت کی جیٹی جوش نےچھ اعشاریہ تیس میڑ کی چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ جیتا۔بنگلا دیش کی فوزیہ ہدیٰ نے دوسری اور بھارت ہی کی پوجا اہلاوت نے تیسری پویشن حاصل کی۔

ریسلنگ میں چھ ویٹ کیٹیگری میں فائنل مقابلے ہوئے۔ساتواں فائنل مقابلہ جو کہ ایک سو بیس کلوگرام کی ویٹ کیٹیگری میں تھا کل یکم اپریل ہی کو ہو گیا تھا جس میں بھارت کے جگدیش کالی رام نے پاکستان کے بشیر بھولا بھالا کو شکست دی۔

News image

پچپن کلوگرام ویٹ کا مقابلہ بھارت اور افغانستان کے ریسلرز کے درمیان ہواجسے بھارت کے کرپا شنکر نے جیتا۔ ساٹھ کلوگرام میں بھارت کے روندر کمار نے پاکستان کے محمد فاروق کو ہرایا۔چھیاسٹھ کلو گرام میں بھارت کے شوکندر نے پاکستان کے زاہد خان کو شکست دی۔بقیہ تینوں ویٹ کیٹیگریز میں پاکستان کے تین پہلوان بھائیوں نے بھارتی پہلوانوں کو بے بس کر دیا۔

چوہتر گلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کے محمد علی نے بھارتی حریف چاند رام کو چت کیا۔علی کے بھائی محمد عثمان نے چوراسی کلوگرام ویٹ کیٹیگری سندیپ کمار کو شکست سے دوچار کیا۔ چھیانوے کلوگرام میں تیسرے بھائی محمد عمر نے بھارتی پہلوان راکیش کو تین کے مقابلے چار پوائنٹ سے ہرایا۔

ویٹ لفٹنگ کے آج کے دونوں مقابلوں میں بھارتی ویٹ لفٹر ہی فاتح رہے۔ ستتر کلو گرام میں بھارت کے ستیش رائے نے گولڈ پاکستان کے محمد عرفان نے سلور اور سری لنکا کے گیمیج نے برونز میڈل حاصل کیا۔ انہتر کلو گرام میں بھی بھارتی ویٹ لفٹر سدھیر بازی لے گئے۔

اس میں بھی پاکستانی ویٹ لفٹر کو سلور میڈل پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
سکواش میں آج دو فائنل ہوئے خواتین فائنل میں دونوں بھارتی خواتین آمنے سامنے تھیں۔جوشانہ نے مکھیلا کو ایک کے مقابلے تین گیمز میں ہرایا۔

مین فائنل دو پاکستانی کزنز منصور زمان اور شاہد زمان کے درمیان تھا کوئی بھی جیتتا میڈل تو پاکستان ہی کے حصے میں آتا۔منصور زمان نے یہ میچ سخت مقابلے کے بعد دو کے مقابلے تین گیمز سے جیتا۔

ٹیبل ٹینس میں مردوں کے ٹیم ایونٹ میں بھارتی ٹیم نےپاکستانی کھلاڑیوں کو شکست دے کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ کبڈی میں دوپول میچ ہوئے پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرایا اور نیپال نے سری لنکا کو شکست دی۔

وولی بال میں آج دو سیمی فائنل ہوئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرایا۔وولی بال کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دی۔

سوموار وولی بال کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

میڈل ٹیلی کے مطابق بھارت نے گولڈ میڈلز میں تو پاکستان کو کافی پیچھے چھوڑ دیا تاہم مجموعی میڈلز میں دونوں ملک قریب قریب ہی ہیں۔

بھارت نے اب تک تینتالیس طلائی پندرہ چاندی اور دس کانسی کےتمغوں کے ساتھ محموعی طور پر اڑسٹھ میڈلز حاصل کیے۔

پاکستان کے مجموعی تمغے تو باسٹھ ہیں تاہم ان میں سونے کے صرف انیس ہیں۔پاکستان نے چھبیس چاندی کے اور سترہ کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

میڈل ٹیلی میں سری لنکا تینتیس میڈل لے کر تیسرے نمبر پر ہے۔اس نے تین گولڈ تیرہ سلور اور سترہ برونز میڈلز حاصل کیے ہیں۔
سری لنکا کے بعد باری آتی ہے بنگلہ دیش کی دو گولڈ نو سلور اور تیرہ برونز میڈل کے ساتھ کل جوبیس میڈلز لیے ہیں۔

نیپال نے کا تیرہ میڈل لیے جن میں ایک سونے کا تین چاندی کے اور نو کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

افغانستان نے دو سلور اور پندرہ برونز کے ساتھ کل سترہ میڈل لیے جبکہ
بھوٹان اور مالدیپ ابھی تک کوئی بھی میڈل حاصل نہیں کر پائے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد